رسائی کے لنکس

امریکی صدر کا دورہ برطانیہ، شہزادہ جارج بھی صدر اوباما سے ملے


صدر اوباما اور ان کی اہلیہ مشل شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور کیٹ کی رہائش گاہ کنزنگٹن محل میں ایک غیر رسمی عشائیے کی دعوت پر مدعو تھے۔

امریکی صدر باراک اوباما چار روزہ سرکاری دورے پر جمعہ کو برطانیہ پہنچے، جہاں انھوں نے اپنے دورے کے پہلے روز ملکہ برطانیہ سے ملاقات کی ہے جبکہ دیگر اعلی سطحی اجلاسوں میں شرکت کی ہے تاہم ان کے مصروفیات سے بھرے دن کا اختتام برطانوی شہزادہ جارج کے ساتھ ایک غیر رسمی ملاقات پر ہوا ہے۔

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے صاحبزادے دو سالہ شہزادہ جارج جمعہ کی شب کنزنگٹن محل کی پارٹی میں اسوقت اسٹار بن گئے،جب انھوں نے اپنے گھر میں امریکی صدر باراک اوباما اور خاتون اول مشعل اوباما کو ڈریسنگ گاؤن اور موزوں کے ساتھ خوش آمدید کہا ہے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر اوباما اور ان کی اہلیہ مشل شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور کیٹ کی رہائش گاہ کنزنگٹن محل میں ایک غیر رسمی عشائیے کی دعوت پر مدعو تھے۔ جہاں ان کی ملاقات شہزادہ ہیری سے بھی ہوئی ہے تاہم اس موقع پر شہزادہ جارج کو بھی مہمانوں سے ملاقات کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق شہزادہ جارج صدر سے ملاقات کرنے کے لیے جاگ رہے تھے وہ مہمانوں کو اپنے کھلونے دیکھانا چاہتے تھے،جو صدر اوباما کی طرف سے جارج کی پیدائش پر دئیے گئے تھے اور اب ان کھلونوں کے ساتھ ننھی شہزادی شارلیٹ کھیلتی ہے۔

کنزنگٹن محل کی طرف سے شہزادہ جارج کے ڈریسنگ گاؤن اور موزوں کے ساتھ صدر اوباما کے ساتھ ہاتھ ملانے کی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔

دوسری تصویر میں شہزادہ جارج راکنگ کھلونا گھوڑے پر سوار ہیں جو صدر اوباما اور ان کی اہلیہ مشعل اوباما کی طرف سے دیا گیا تحفہ ہے۔

جمعہ کی شب شہزادہ ولیم ،شہزادہ ہیری اور شہزادی کیٹ نے اپنی رہائش گاہ کے باہر امریکی صدر اور ان کی اہلیہ کا استقبال کیا۔ اس سے قبل اوباما ملکہ برطانیہ کے ساتھ ونڈسر محل میں ایک ظہرانے کی دعوت پر مدعو تھے۔

صدر اوباما اور ان کی اہلیہ سمیت شاہی جوڑے اور شہزادے ہیری نے بعد میں محل کے اندر داخل ہونے سے قبل شاہی رہائش گاہ کی سیڑھیوں کے سامنے میڈیا کے لیے تصاویر بنوائیں۔

اطلاعات کے مطابق شاہی خاندان میں پہلی مرتبہ ایسا دیکھا گیا ہے،جب ایک ننھے شہزادے کو ریاست کے سربراہ کے ساتھ اس طرح کی نجی ملاقات کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG