رسائی کے لنکس

امریکہ دنیا کی قیادت کرتا رہے گا، صدر اوباما


صدر اوباما کا کہنا تھا کہ ہر مشکل وقت میں دنیا کی نظریں اس امید پر امریکہ کی جانب اٹھتی ہیں کہ وہ آگے بڑھ کر اپنا قائدانہ کردار ادا کرے گا۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ اس غیر یقینی اورمتغیر دنیا میں اگر کوئی چیز مستقل ہے، تو وہ ہے امریکہ کا قائدانہ منصب۔

قوم سے اپنے ہفتہ وار ریڈیائی خطاب میں صدر اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ دنیا کو درپیش سخت اور مشکل ترین چیلنجز میں سے بیشتر سے نبٹنے کی عالمی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

ہفتے کو اپنے خطاب میں صدر اوباما کا کہنا تھا کہ جہاں ایک جانب دولتِ اسلامیہ جیسی سفاک دہشت گرد تنظیم کو تباہ کرنے کی مہم کی قیادت امریکہ کے پاس ہے تو وہیں یوکرین میں روسی جارحیت کے مقابلے پر دنیا کو کھڑا کرنے کی کوششوں کا محرک بھی واشنگٹن ہی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ مغربی افریقی ملکوں میں ایبولا کی وبا پر قابو پانے اور مزید علاقوں تک اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے کی جانے والی عالمی کوششوں میں امریکہ کا اہم ترین کردار ہے۔

ان کے بقول ماحولیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا کرنے اور ان تبدیلیوں کے تباہی میں تبدیل ہونے سے قبل دنیا کو ان کے سدِ باب کی کوششوں پر آمادہ کرنے میں بھی امریکہ اہم کردار ادا کرر ہاہے۔

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ ہر مشکل وقت میں دنیا کی نظریں اس امید پر امریکہ کی جانب اٹھتی ہیں کہ وہ آگے بڑھ کر اپنا قائدانہ کردار ادا کرے گا اور امریکہ خود پر عائد اس ذمہ داری کا پورا احساس رکھتا ہے اور خود سے وابستہ کی جانے والی امیدوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG