رسائی کے لنکس

اوباما آئندہ ہفتے رائن، مکونیل سے ملاقات کریں گے: ترجمان


اسپیکر پال رائن
اسپیکر پال رائن

وائٹ ہائوس ترجمان، جوش ارنیسٹ کے بقول، ’’ہیں یقین ہے کہ اس سال کئی شعبوں میں تعاون کی راہ نکل سکتی ہے‘‘۔ تین ماہ قبل جب وہ اسپیکر منتخب ہوئے، رائن کے ساتھ یہ صدر اوباما کی پہلی براہ راست ملاقات ہوگی

صدر براک اوباما منگل کو پہلی بار ریپبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے چوٹی کے رہنما اور امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر پال رائن سے ملاقات کریں گے۔ وائٹ ہائوس نے جمعے کے روز بتایا کہ صدر بجٹ ترجیحات اور نئے سال کے دورا ن مل کر کام کرنے کے بارے میں بات کریں گے۔

سینیٹ میں اکثریتی پارٹی کے قائد، مِچ مکونیل رائن کے ہمراہ ہوں گے۔ملاقات میں اس امکان پر غور ہوگا آیا تینوں رہنما قانون سازی کے کتنے معاملات پر یکساں سوچ کے مالک ہیں، ایسے میں جب صدر اوباما کے عہدہ صدارت کا یہ آخری سال ہے۔

وائٹ ہائوس ترجمان، جوش ارنیسٹ کے بقول، ’’ہیں یقین ہے کہ اس سال کئی شعبوں میں تعاون کی راہ نکل سکتی ہے‘‘۔

تین ماہ قبل جب وہ اسپیکر منتخب ہوئے، رائن کے ساتھ یہ صدر اوباما کی پہلی براہ راست ملاقات ہوگی۔

رائن کے ترجمان، ڈگ ایندرے کے بقول، ’’ایسے میں جب2017میں وائٹ ہائوس ایک بڑے ایجنڈا پر دھیان مرکوز کیے ہوئے ہے، اسپیکر موقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ سال کے لیے یکساں سوچ کے معاملوں کو تلاش کیا جاسکے‘‘۔

ڈیموکریٹک قانون سازوں کے ساتھ جمعرات کو بند کمرے کے اجلاس کے دوران، صدر اوباما نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ اس سال کانگریس کوئی زیادہ کام کرسکے گی۔ یہ بات ایک مشیر نے بتائی جو کمرے میں موجود تھے۔

وائٹ ہائوس نے کہا ہے کہ صدر کی خواہش ہے کہ ریپبلیکن پارٹی کی اکثریت والی کانگریس اس سال چند معاملوں پر قانون سازی کرے۔ اِن میں منشیات سے واسطہ رکھنے والے بغیرتشدد کی نوعیت کے جرائم پر سزائوں میں کمی کی مجوزہ لازمی اصلاحات اور ہیروئن کے نشے کی وبا اور تشخیص کردہ ادویات کی غلط روایت کی تصحیح کے معاملے شامل ہیں۔

اوباما یہ بھی چاہتے ہیں کہ کانگریس ’ٹرانس پیسیفک پارٹنرشپ‘ تجارتی سمجھوتے کی منظوری دے، لیکن اُنھیں ڈیموکریٹک پارٹی کے ایسے قانون سازوں سے بھی واسطہ ہے جن کا خیال ہے کہ ٹی پی پی کا معاہدہ روزگار کے مواقع اور ماحولیات پر منفی اثرات ڈالے گا۔

وائٹ ہائوس نے جمعے کے روز اعلان کیا کہ قانون سازی پر اوباما کی مشیر کیٹی برنی فلون، جو ایوانِ نمائندگان میں ریپبلیکن اور ڈیموکریٹ قانون سازوں میں یکساں مقبول ہیں، عہدہ چھوڑنے والی ہیں، جس سے قبل اُنھوں نے تجارت کے حوالے سے تیزی سے فیصلے کرنے پر مامور ادارے کے قیام، ایران کے ساتھ جوہری سمجھوتا طے کرنے اور بجٹ سجھوتے میں صدر کی مدد کی تھی۔

فالون کی جگہ اُن کی معاون، ایمی روزن بام لیں گی، جو ایوان میں ڈیموکریٹک پارٹی کی قائد، نینسی پلوسی کی سابقہ مشیر رہ چکی ہیں۔

ریپبلیکنز کے ساتھ اوباما کی یہ ملاقات ایسے وقت ہو رہی ہے جب صدر ایک ہفتہ بعد کانگریس کے سامنے اپنی آخری بجٹ تجاویز پیش کریں گے۔

اور یہ ملاقات ایسے میں ہو رہی ہے جب اوباما کیوبا میں قائم گوانتانامو بے کے امریکی حراستی مرکز کو بند کرنے کا وعدہ پورا کرنا چاہتے ہیں، جس کا عہد اُنھوں نے سنہ 2008میں اپنی صدارتی انتخابی مہم کے دوران کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG