رسائی کے لنکس

داعش کے خلاف حملے تیز کردیے ہیں، صدر اوباما


پینٹاگون میں اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اوباما کا کہنا تھا کہ نومبر میں اتحادی طیاروں نے داعش پر کسی بھی مہینے کے مقابلے میں سب سے زیادہ بمباری کی۔

صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ کی قیادت میں اتحادی طیاروں نے شام اور عراق میں داعش کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

پیر کو امریکی محکمۂ دفاع 'پینٹاگون' میں اعلٰی حکام سے بات چیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اتحادی ملکوں کی قیادت کو احساس ہے کہ انہیں داعش کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیوں تیز کرنا ہوں گی۔

صدر اوباما نے بتایا کہ نومبر میں اتحادی طیاروں نے داعش پر کسی بھی مہینے کے مقابلے میں سب سے زیادہ بمباری کی۔

انھوں نے کہا کہ اتحادی داعش کی قیادت کو چن چن کر نشانہ بنا رہے ہیں۔

صدر اوباما نے صحافیوں کو بتایا کہ محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی امریکی عوام کی مدد اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنے انتباہی نظام کو مزید بہتر بنارہا ہے۔

اس سے قبل پینٹاگون میں ہونے والے اجلاس میں صدر اوباما کے قومی سلامتی کے مشیروں نے انہیں شدت پسندی اور اس سے مقابلے کی حکمتِ عملی پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں امریکی نائب صدر جو بائیڈن اور وزیر دفاع ایش کارٹر بھی شریک تھے۔

گزشتہ ہفتے امریکی وزیرِ دفاع نے سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو داعش کے خلاف مہم تیز کرنے سے متعلق حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا تھا۔

ایش کارٹر نے کمیٹی کے ارکان سے کہا تھا کہ دہشت گرد تنظیم سے لڑائی کے لیے دنیا کے دیگر ممالک سے مدد بھی لی جاسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG