رسائی کے لنکس

سنیگال: اوباما کا ’گوری آئی لینڈ‘ کا تاریخی دورہ


مسٹر اوباما نے کہا ہے کہ وہ افریقہ کا دورہ اِس لیے کر رہے ہیں کہ وہ اِن دِنوں برِاعظم میں ہونے والی ترقی اور درخشاں مستقبل کی سمت ہونے والی پیش رفت کا مشاہدہ کرنا چاہتے ہیں

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ ماضی میں افریقی غلاموں کو شمالی امریکہ بھیجے جانے والے مقام کا دورہ کرکے انسانی حقوق کے تحفظ کے ضمن میں اُن کا عزم مزید پختہ ہوا ہے۔

مسٹر اوباما نےجمعرات کے دِن سنیگال کے ساحل کے قریب، ’گوری آئی لینڈ‘ کا دورہ کیا۔

تاریخ داں کہتے ہیں کہ یہاں ہزاروں کی تعداد میں افریقی مرد و خواتین کو زنجیروں میں جکڑ کر رکھا جاتا تھا۔ اُنھیں مبینہ طور پر ’واپسی کا کوئی راستہ نہیں‘ نامی دروازے سے گزرنا پڑتا تھا، جہاں سے غلاموں کو سمندری جہازوں میں سوار کیا جاتا تھا، جس مقام سے اُنھیں بحر اوقیانوس کی دوسری طرف روانہ کیا جاتا تھا۔


مسٹر اوباما نے اِس جزیرے کے اپنے دورے کو ’بہت ہی یادگار لمحے‘ قرار دیا، جس کے باعث اُنھیں سولہویں اور انیسویں صدیوں کے دوران غلاموں کی تجارت کے معاملے کو پوری طرح سمجھنے میں مدد ملی ہے۔

صدر اِن دِنوں افریقہ کے ہفتے بھر کے دورے پر ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ وہ برِاعظم کے ساتھ امداد اور اعانت کے برعکس، تجارت اور ساجھے داری کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں۔


سنیگال کے صدر، میکی سال کے ہمراہ ایک مشترکہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، مسٹر اوباما نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ امریکہ خطے کے ساتھ تعلقات کو وسیع اور گہرا کرنے کے موقع کو گنواں دے۔

صدر اوباما جمعے کے دِن جنوبی افریقہ روانہ ہونے والے ہیں، جہاں وہ ’روبن آئی لینڈ‘ کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس قید خانے میں سابق صدر نیلسن منڈیلا دو دہائیوں کے قریب جیل کاٹ چکے ہیں۔ مسٹر اوباما نے جمعرات کے روز جنوبی افریقہ کے علیل سابق صدر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، اُنھیں دنیا کے لیے’ایک ہیرو‘ قرار دیا۔

واشنگٹن واپسی سے قبل، مسٹر اوباما تنزانیہ میں رُکیں گے۔

اُن کے بقول، ’عام طور پر دنیا افریقہ کی طرف سے کی جانے والی حیران کُن ترقی کو نظرانداز کر دیتی ہے، جس میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کے حوالے سے پیش رفت شامل ہے۔ متعدد افریقی ممالک نے جمہوری حکمرانی اور شہریوں کو با اختیار کرنے کے سلسلے میں شاندار پیش رفت حاصل کی ہے۔‘

اُنھوں نے کہا کہ وہ افریقہ کا دورہ اس لیے کر رہے ہیں کہ وہ اِن دِنوں برِاعظم میں ہونےوالی ترقی اور درخشاں مستقبل کی سمت ہونے والی پیش رفت کا مشاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG