رسائی کے لنکس

افریقہ ترقی کی جانب گامزن ہے: اوباما


وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ’یالی نیٹ ورک‘ کےتقریباً 140000 ارکان کو آن لائن تدریسی کورسز تک رسائی حاصل ہے، جِن میں اس سے متعلق ہدایات شامل ہیں آیا کاروبار کو کس طرح شروع کیا جائے

صدر براک اوباما حال ہی میں کینیا اور ایتھیوپیا کے تاریخ ساز دورے سے واپس آئے ہیں، جہاں اُنھوں نے یہ پیغام دیا کہ، ’افریقہ ترقی کی جانب گامزن ہے‘۔ اِسی بات کا اعلان آج اُنھوں نے سب صحارا افریقہ سے دورے پر آئے ہوئے 500 نوجوان رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مسٹر اوباما نے کہا کہ ’برِاعظم افریقہ نے صحت عامہ کے شعبے میں، ’ایچ آئی وی ایڈز‘ سے لے کر خواتین اور نوزائدہ بچوں کو محفوظ بنانا شامل ہے۔ لاکھوں نفوس کو شدید افلاس سے بچایا گیا ہے۔ اِس لیے یہ ایک غیر معمولی پیش رفت ہے‘۔

بقول اُن کے، ’اِس پیش رفت میں، آپ ہی جیسے نوجوان لوگ پیش پیش ہیں، کیونکہ افریقہ نوخیز براعظم ہے‘۔

پیر کے روز واشنگٹن میں منعقدہ ایک تقریب میں، صدر نے ’منڈیلا واشنگٹن‘ سے تعلق رکھنے والے ’یوتھ افریکن لیڈرز اِنیشئیٹو (یالی)‘ کے شریک فیلوز پر زور دیا کہ وہ حاصل کردہ ترقی کی رفتار کو مزید تیز کریں۔

اُن کی انتظامیہ نے پانچ برس قبل ’یوتھ افریکن لیڈرز اِنیشئیٹو‘ کا افتتاح کیا، جس کا مقصد یہ تھا کہ اُبھرتے ہوئے افریقی رہنماؤں کی مدد کی جاسکے، جو معاشی افزائش کے روحِ رواں، جمہوری عمل داری کو فروغ دینے والے، اور متمدن معاشرے کے ڈھانچے کی مضبوطی کا سبب ہیں، جس کے نتیجے میں براعظم فروغ پائے گا اور خوشحال ہوگا‘۔

صدر اوباما نے سنہ 2013میں جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران اِس فیلوشپ کا اعلان کیا تھا۔ اس سال، اُنھوں نے نوجوان رہنماؤں کو 20 امریکی یونیورسٹیوں میں تعلیم کے حصول کی سہولت فراہم کی، جہاں اُنھوں نے چھ ہفتے گزارے، جِس دوران اُنھوں نے انٹرے پرینیورشپ سے شہری امور کے شعبہ جات میں متعلقہ اپنے ہُنر کو جِلہ بخشی۔

صدر اوباما نے اِس امید کا اظہار کیا کہ ’آج سے 10، 15، 20 سال بعد، جب آپ حکومت میں وزیر ہوں گے یا کاروبار میں قائدانہ کردار ادا کریں گے یا سماجی تبدیلی میں سرکردہ کردار ادا کر رہے ہوں گے، آپ تب بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں رہیں گے، اور آپ پھر بھی ایک دوسرے سے کچھ نہ کچھ سیکھ رہے ہوں گے، اور آپ اپنی اگلی نسل کے لیے مددگار و معاون ثابت ہوں گے‘۔

’یالی‘ فیلو، نینا دیابی مالی میں ابلاغ کا ایک ادارہ چلاتی ہیں۔ اُنھوں نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ’نوٹرے ڈَم یونیورسٹی‘ میں اُن کا وقت حقیقی قائدانہ صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے استعمال ہوا۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ’یالی نیٹ ورک‘ کےتقریباً 140000 ارکان کو آن لائن تدریسی کورسز تک رسائی حاصل ہے، جِن میں اس سے متعلق ہدایات شامل ہیں آیا کاروبار کو کس طرح شروع کیا جائے۔

امریکی صدر نے گھانہ میں بھی ’یالی لیڈرشپ سینٹر‘ کھولنے کا اعلان کیا، جب کہ کینیا میں یہ پہلے ہی قائم ہے۔ اس کے تحت، ہر سال مجموعی طور پر 3500 نوجوان افریقیوں کو تربیت دی جائے گی۔



XS
SM
MD
LG