تعطیلات گزارنے کے لیے، امریکی صدر براک اوباما اور اُن کے اہل خانہ جمعے کے روز میساچیوسٹس کے شہر ’مارتھاز وِنیارڈ‘ پہنچے، جہاں، متوقع طور پر، صدر گاف کھیلیں گے۔
صدر اوباما، اُن کی بیگم مشیل اور دختران مالیا اور ساشا اِس صحت افزا جزیرے پر دو ہفتے سے زیادہ تعطیلات گزاریں گے، جس کے بارے میں عہدے داروں نے بتایا ہے کہ اس دوران کوئی سرکاری یا عوامی تقریبات طے نہیں ہیں۔
ماضی میں، جب کبھی صدر اور اُن کے اہل خانہ نے مارتھاز ونیارڈ میں اپنی تعطیلات گزاریں ہیں، وہ سائیکلوں پر سوار کرتے اور کھانے کے وقت ریستورانوں کی جانب آتے جاتے دیکھے گئے ہیں۔
اصل پروگرام کے مطابق، اوباما خاندان ہفتے کو واشنگٹن سے باہر سفر پر روانہ ہونا تھا۔ تاہم، اس میں ایک دِن کا اضافہ کیا گیا ہے۔
مشیروں کا ایک گروپ بھی صدر کے ہمراہ ہوگا، جو اُنھیں قومی اور بین الاقوامی واقعات کے بارے میں بریف کرتا رہے گا؛ حالانکہ صدر واشنگٹن کی مصروفیات سے کچھ وقت کے لیے دور رہنا چاہتے ہیں۔ اُنھوں نے ماضی میں داخلی اور بین الاقوامی واقعات کی پیش نظر، ضرورت پڑنے پر اپنی تعطیلات مؤخر کرکے واشنگٹن واپسی اختیار کی ہے۔
گذشتہ برس، اُنھوں نے مارتھاز ونیارڈ سے قوم سے خطاب کیا تھا، جس میں مِزوری کے امریکی شہر، فرگوسن میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں واقع ہوئی تھیں؛ عراق میں امریکی فوجی کارروائی اور داعش کے شدت پسند گروپ کے ہاتھوں امریکی صحافی جیمز فولی کا سر قلم کیے جانے کا معاملہ درپیش تھا۔ ملاقاتوں کی غرض سے، صدر تعطیلات چھوڑ کر مختصر وقت کے لیے واشنگٹن پہنچے تھے۔
ماضی میں، صدر متعدد بار مارتھیاز ونیارڈ جاتے رہے ہیں، ماسوائے سنہ 2012میں جب وہ دوبارہ صدارتی انتخاب لڑ رہے تھے۔ اوباما خاندان اگست کے اواخر میں واشنگٹن واپس پہنچے گا۔