رسائی کے لنکس

'وال اسٹریٹ قبضہ' تحریک: کئی امریکی شہروں میں مظاہرین گرفتار


'وال اسٹریٹ قبضہ' تحریک: کئی امریکی شہروں میں مظاہرین گرفتار
'وال اسٹریٹ قبضہ' تحریک: کئی امریکی شہروں میں مظاہرین گرفتار

امریکی حکام نے ملک کے کئی شہروں میں'وال اسٹریٹ پر قبضہ کرلو' نامی تحریک سے منسلک درجنوں مظاہرین کو بغیر اجازت پارکوں اور دیگر عوامی مقامات پر رات بھر مقیم رہ کر مقامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات میں گرفتار کرلیا ہے۔

امریکی ریاست ورجینیا کے جنوبی شہر رچمنڈ میں پولیس اہلکاروں نے پیر کی صبح ایک پارک کو مظاہرین سے خالی کرالیا جہاں وہ اکتوبر کے وسط سے دھرنا دیے ہوئے تھے۔ پارک خالی کرنے کا حکم ماننے سے انکار کرنے والے کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔

اس سے قبل اتوار کو جنوبی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں پولیس نے 38 مظاہرین کو گرفتار کرلیا تھا۔ مظاہرین پر الزام ہے کہ انہوں نے شہر کے مرکزی ہال کے سامنے قائم کردہ اپنے احتجاجی کیمپ میں حکام کی اجازت کے بغیر کھانے کا اسٹال لگا رکھا تھا۔

ریاست اوریگان کے شمال مغربی شہر پورٹ لینڈ میں بھی رات کے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے پر کئی درجن مظاہرین کو ایک مقامی پارک میں قائم ان کے احتجاجی کیمپ سے اتوار کو رات گئے گرفتار کرلیا گیا۔

مظاہرین پارک خالی کرنے سے انکاری تھے جس کے باعث پولیس نے انہیں زبردستی گاڑیوں میں ڈالا ۔ واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

ڈھیلی ڈھالی تنظیم رکھنےو الی 'آکیوپائے وال اسٹریٹ' عوامی حمایت سے برپا کردہ ایک تحریک ہے جس سے وابستہ افراد آج کل کئی امریکی شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دے رہے ہیں۔ تحریک کا آغاز گزشتہ ماہ نیویارک سے ہوا تھا اور اس سے وابستہ افراد بڑی کارپوریٹ کمپنیوں کی لالچ، معاشی عدم توازن اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری جیسے مسائل کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

نیویارک سے شروع ہونے والی اس تحریک سے متاثر ہوکر امریکہ کے کئی شہروں اور دیگر ممالک میں بھی اسی طرز کے مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

اتوار کو برف باری اور بارش ہونے کے بعد موسم کی سختی بڑھ جانے کے باوجود مظاہرین نیویارک میں قائم کردہ اپنے مرکزی احتجاجی کیمپ میں موجود رہے اور اپنا احتجاج جاری رکھا۔

XS
SM
MD
LG