رسائی کے لنکس

امریکہ: بلند ترین ڈیم متاثر، آبادی کا انخلا


امریکہ میں بڑے ڈیموں میں سے ایک کا ایمرجنسی سپل وے بری طرح متاثر ہونے سے خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور حکام نے اس ڈیم کے قریب واقع علاقوں سے لوگوں کو منتقل ہونے کا حکم دیا ہے۔

کیلیفورنیا کے محکمہ آبی ذخائر نے اتوار کی دوپہر بتایا کہ شمالی کیلیفورنیا میں اوروول ڈیم کا متاثرہ ہنگامی سپل وے ٹوٹ سکتا ہے جس سے اوروول جھیل سے آنے والے پانی کو قابو میں رکھنا ممکن نہیں ہو سکے۔

محکمے کا کہنا تھا کہ زیریں علاقوں کے لوگ فوری طور پر یہاں سے منتقل ہو جائیں۔

حکام کے مطابق تقریباً 16 ہزار نفوس پر مشتمل اوروول کے علاقے سے لوگوں کو شمال کی طرف شیکو اور دیگر شہروں کی طرف جانا چاہیے اور اس ضمن میں انھیں اپنے اپنے مقامی حکام کے احکامات کی پیروی کرنی چاہیے۔

شدید بارش کے بارش ہفتہ کو ڈیم کے مرکزی سپل وے کو نقصان پہنچا تھا جس کے بعد پانی ایمرجنسی سپل وے پر سے بہنا شروع ہو گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے غیر متوقع طور پر مرکزی سپل وے میں خرابی سے 200 فٹ لمبا اور 30 فٹ گہرا کٹاؤ پیدا ہوا جو رفتہ رفتہ بڑھتا گیا۔ انجینیئرز یہ سمجھنے سے قاصر تھے کہ یہ گڑھا بننے کی اصل وجہ کیا ہے، لیکن محکمہ آبی ذخائر کے ایک ترجمان کرس اورروک کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ مرکزی سپل ول خستہ ہو گیا تھا حالانکہ یہ پانی چھوڑنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

سان فرانسسکو سے 150 میل شمال مشرق میں واقع اوروول جھیل کیلیفورنیا کی بڑی جھیلوں میں سے ایک ہے اور 770 فٹ اونچا اوروول ڈیم امریکہ کا بلند ترین ڈیم ہے۔

اس جھیل سے وسطی وادی میں زراعت جنوبی کیلیفورنیا میں رہائیشیوں کے لیے پانی بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG