رسائی کے لنکس

پاکستان میں گیس اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے گیس اور سی این جی کے نرخوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق سی این جی 22 روپے فی کلوگرام بڑھا دی گئی ہے۔

اوگرا کا کہنا ہے کہ ماہانہ 50 یونٹ والے صارفین کو اضافے سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔

اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ والوں کیلئے گیس کی قیمت 127 سے بڑھا کر 300 روپے فی یونٹ اور 200 یونٹ والے صارفین کیلئے گیس کی قیمت 264 روپے سے بڑھا کر 530 روپے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے ۔

300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لئے قیمت 275 سے بڑھا کر 738 روپے فی یونٹ اورماہانہ 400 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے گیس کی قیمت 780 سے بڑھا کر 1107 روپے فی یونٹ کر دی گئی جبکہ 400 یونٹ سے زائد والے صارفین گیس کی قیمت 1460 روپے فی یونٹ ادا کریں گے۔ حکومتی احکامات کے مطابق گیس کا کم سے کم بل 172 روپے 58 پیسے ماہانہ ہو گا۔

دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے سی این جی مہنگی ہونے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سی این جی سیکٹر کیلئے گیس کی قیمت 980 روپے سے بڑھا کر 1283 روپے فی یونٹ مقرر کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گیس کی قیمتوں میں 19 روپے فی کلو گرام اضافہ ہو گا اور سیلز ٹیکس فارمولے میں شامل کر کے سی این جی کی قیمتوں پر مجموعی اضافہ 22 روپے فی کلو گرام کیا گیا ہے۔

سی این جی نرخوں میں اضافے پر سی این جی ڈیلر ایسو سی ایشن کے صدر غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسوں میں اضافے سے سندھ میں سی این جی کی قیمت 125 روپے فی کلو جبکہ کے پی کے میں 137 سے 140 کے درمیان ہو گی۔ سی این جی کی قیمت میں اضافے سے پنجاب میں کوئی فرق نہیں ہو گا کیونکہ پنجاب میں درآمد شدہ آر ایل این جی استعمال ہو رہی ہے جو پہلے ہی مہنگی ہے۔

غیاث پراچہ نے اس اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سی این جی کا شعبہ باقی سیکٹرز کا بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں رہا۔ سی این جی کی قیمت میں اضافے سے غریب لوگوں کیلئے ٹرانسپورٹ کے کرائے میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا ہے ۔ سنیٹر مصطفی نواز کھوکھر کہتے ہیں کہ ہر روز بجلی گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ضروریات زندگی کی ہر چیز عام آدمی کی قوت خریداری سے باہر ہو گئی ہے۔

گیس اور سی این جی نرخوں میں اضافہ کے بعد وزارت خزانہ نے پٹرولیم نرخ رواں ماہ برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جون کی سطح پر برقرار رہیں گی اور ان میں کوئی ردو بدل نہیں کیا جائے گا۔

اوگرا نے پیٹرولیم نرخوں میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کی تھی جس میں لائٹ ڈیزل 26 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 30 پیسے، پٹرول 77 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے جبکہ مٹی کا تیل 2 روپے 94 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ تاہم حکومت نے رواں ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بدلنے کا اعلان کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG