رسائی کے لنکس

او آئی سی قرارداد: بھارتی حکومت سے امن کے عمل میں کشمیریوں کو شامل کرنے کا مطالبہ


اقوام متحدہ
اقوام متحدہ

مسلم ممالک کی تنظیم آرگنائزیشن آف اسلامک کانفرنس (او آئی سی) کے کشمیر کانٹیکٹ گروپ کے سامنے پیش کی گئی یادداشت میں بھارتی حکومت سے سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے اور امن کے عمل میں کشمیریوں کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بدھ کو نیو یارک میں اِس گروپ کے اجلاس میں پاکستانی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ، ترکی کے وزیر خارجہ اور نائیجیریا کے وزیر خارجہ نے بھی شرکت کی۔

مسٹر قریشی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو آگاہ کر دیا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کے حل میں کشمیری قیادت کو شامل کیا جائے۔



اجلاس میں جو یادداشت پیش کی گئی اُس میں بھارت سے سیاسی رہنماؤں کو آزاد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

کشیری امیریکن کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام نبی فائی کے مطابق کشمیری عوام نے گزشتہ چند سال سے عدم تشدد کی جدوجہد کی ہے اور اگر عالمی برادری نے اپنی ذمہ داری نہ نبھائی تو کہیں کشمیری نوجوان بندوق اٹھانے پر مجبور نہ ہو جائیں۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل، ترکی کے ڈاکٹر اکمل الدین احسان اولو نے اس موقع پر کہا کہ یہ مسئلہ 63 سالہ پرانا ہے اور اسے اب قراردادوں کی نہیں اقدامات کی ضرورت ہے۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم سرداد عتیق احمد نے دنیا کو متنبہ کیا کہ کشمیر ایٹمی طاقتوں میں گھرا ہوا ہے اور ان کے درمیان جنگ کا باعث بن سکتا ہے، اس لیے عالمی برادری اس مسئلے کے حل میں کرداد ادا کرے۔

سعودی نائب وزیر خارجہ اور ترکی کے وزیر خارجہ نے کشمیر کے حالات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔

کشمیر کانٹیکٹ گروپ میں پیش کی گئی یادداشت اگلے چند روز میں او آئی سی کے مکمل ایوان کے سامنے بھی پیش کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG