رسائی کے لنکس

اوک جوکل گلیشئر، الوداع


لوگ اوکجوکل گلیشئر کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے چوٹی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
لوگ اوکجوکل گلیشئر کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے چوٹی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

آئس لینڈ میں 700 سال پرانا گلیشئر اوک جوکُل موسمیاتی تبدیلی کی نذر ہو گیا ہے۔ اس گلیشئر کے ختم ہونے پر افسردہ لوگوں نے اتوار کے روز اکٹھے ہو کر اس گلیشئر کو الوداع کہا۔

گلیشئر کو الوداع کہنے کی تقریب میں آئس لینڈ کی وزیر اعظم کیٹرن جیکوبزڈوٹر، ماحولیات کے وزیر گُڈ مُنڈر اِنگیگُڈبرانڈسن اور آئرلینڈ کی سابق صدر میری رابنسن سمیت 100 کے لگ بھگ افراد دو گھنٹے کی ہائکنگ کرتے ہوئے اس آتش فشاں گلیشئر کے دہانے پر پہنچے۔

بچوں نے گلیشئر پر ایک یادگاری تختی آویزاں کی جسے اب اس کے پرانے نام کے ابتدائی حروف او کے سے پکارا جاتا ہے۔ نام کا بقیہ حصہ ’جوکل‘ آئس لینڈ کی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے گلیشئر۔

اس یادگاری تختی پر یہ الفاظ کندہ ہیں، ’’مستقبل کے نام ایک خط‘‘۔ اس کا مقصد گلیشئرز میں مسلسل کمی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے بارے میں آگاہی پھیلانا ہے۔

الوداعی تقریب کے دوران آئس لینڈ کی وزیر اعظم کیٹرن جیکوبس ڈوٹر نے کہا کہ یہ آئس لینڈ کا پہلا گلیشئر ہے جسے اب رسمی طور پر سابق گلیشئر قرا ر دے دیا گیا ہے۔ تاہم اگر ہم سائنسدانوں کی پیش گوئی پر غور کریں تو ہم آئیندہ دہائیوں اور برسوں میں مذید گلیشئرز کو غائب ہوتے ہوئے دیکھیں گے اور یہ ہمارے لینڈ سکیب، قدرت، ایکو سسٹم کیلئے ایک انہائی مایوس کن چیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے توانائی کے نظام کیلئے بھی انتہائی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ ہم گلیشئرز سے نکلنے والے دریاؤں سے دوبارہ کارآمد بنائی جانے والی توانائی پیدا کرتے ہیں اور یوں اُن کے خیال میں دنیا بھر کے رہنماؤں کیلئے اس کا احساس کرنا بہت اہم ہے۔

آئس لینڈ کی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم دنیا بھر میں موسمیاتی بحران کی مختلف شکلیں دیکھ رہے ہیں۔ تاہم مجموعی طور پر یہ بحران ایک ہی ہے اور ہمیں اس بحران سے نمٹنے کے لیے بہت بڑے پیمانے پر تعاون درکار ہے۔

جیکوبس ڈوٹر کا کہنا ہے کہ وہ آج منگل کے روز نارڈک لیڈروں اور جرمن چانسلر انجلا مرکل کے ساتھ ملاقات کے دوران موسمیاتی تبدیلی پر ترجیحی بنیادوں پر بات کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

اوک جوکل گلیشئر 1901 میں برف سے ڈھکے 38 کلومیٹر رقبے پر پھیلا ہوا تھا جو 1945 میں سکڑ کر 5 مربع کلومیٹر رہ گیا اور پھر 2014 میں اسے سرکاری طور پر مردہ قرار دے دیا گیا تھا جب یہ حرکت کرنے کے قابل نہیں رہا تھا۔

اب اس گلیشئر کا باقی رہ جانے والا حصہ محض آتش فشاں پہاڑ کی چوٹی پر مشتمل ہے۔

XS
SM
MD
LG