رسائی کے لنکس

چین: ملبے سے دو دن بعد ایک شخص زندہ برآمد


امدادی کارکن ملبہ ہٹانے کے لیے کھدائی کی مشینیں استعمال کر رہے ہیں۔
امدادی کارکن ملبہ ہٹانے کے لیے کھدائی کی مشینیں استعمال کر رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ 19 سالہ ٹیان زی منگ کو بدھ کی صبح شینزن کے ہینگ تائی یو صنعتی پارک میں ملبے کے نیچے سے نکالا گیا۔

چین میں ایک نوجوان کارکن کو مٹی کے ایک بڑے ریلے کے ملبے کے نیچے سے زندہ نکال لیا گیا ہے۔ اس ریلے نے اتوار کو جنوبی چین میں ایک صنعتی پارک کو تباہ کر دیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 19 سالہ ٹیان زی منگ کو بدھ کی صبح گوانگ ڈونگ صوبے کے شہر شینزن کے ہینگ تائی یو صنعتی پارک میں ملبے کے نیچے سے نکالا گیا۔ اسے قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

امدادی کارکنوں نے ایک اور شخص کو بھی نکالا جو ٹیان کے نیچے دبا ہوا تھا مگر وہ زندہ نہیں بچ سکا۔

ہنگامی امدادی کارکن حادثے میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔

یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب مٹی کا ایک بڑا ریلا صنعتی پارک میں بہہ کر آ گیا اور وہاں موجود 33 عمارتوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کر دیا۔ ان میں 14 فیکٹریاں اور تین رہائشی عمارتیں بھی شمال تھیں۔ اس واقعے میں 70 سے زائد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔

چین کی لینڈ منسٹری نے اتوار کو کہا تھا کہ یہ حادثہ پاس ہی واقع فضلہ گھر میں تعمیراتی فضلے اور کوڑے کا ایک 100 میٹر بلند ڈھیر کا ملبہ گرنے سے پیش آیا۔ وزارت کا کہنا تھا کہ فضلہ گھر کی دیواریں حالیہ بارشوں کی وجہ سے کمزور پڑ گئی تھیں۔ مٹی اور فضلے کے ریلےسے قدرتی گیس کی ایک پائپ لائن میں بھی دھماکہ ہوا۔

مقامی خبروں کے مطابق گوانگ ڈونگ کی حکومت نے حالیہ مہینوں میں فضلہ گھر کے مقام کے بارے میں متعدد انتباہ جاری کیے تھے۔

مٹی کے تودے کی وجوہات سامنے آنے کے بعد چین میں حفاظتی معیار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جہاں گزشتہ تین دہائیوں کے دوران تیز اقتصادی ترقی دیکھی گئی۔

ملک میں صنعتی حادثات کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ اسی سال اگست میں شمال میں واقع تیاجن شہر میں کیمیکل کے ایک سٹور میں دھماکوں سے 160 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG