رسائی کے لنکس

کراچی: ساتھی کی مبینہ فائرنگ سے رینجرز کا اہلکار مارا گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد علی مرتضیٰ نے مبینہ طور پر فائرنگ کر دی جس سے معشوق علی زخمی ہوگیا۔

پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں نیم فوجی فورس رینجرز کا ایک اہلکار مبینہ طور پر اپنے ہی ایک ساتھی اہلکار کی فائرنگ سے موت کا شکار ہو گیا ہے۔

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق مرکزی شہر کراچی میں ہفتہ کو دیر گئے ڈیوٹی پر تعینات دو رینجرز اہلکاروں معشوق علی اور علی مرتضیٰ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد علی مرتضیٰ نے مبینہ طور پر فائرنگ کر دی جس سے معشوق علی زخمی ہوگیا۔

زخمی اہلکار کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اتوار کو علی الصبح دم توڑ گیا۔

رینجرز کی طرف سے اس بارے میں کوئی تفصیل یا بیان تاحال جاری نہیں کیا گیا لیکن مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے اہلکار کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

یہ واقعہ شہر میں شاہراہ فیصل تھانے کی حدود میں پیش آیا۔

سندھ میں ایک عرصے سے رینجرز اہلکار اپنے فرائض انجام دیتے آرہے ہیں اور خاص طور پر ستمبر 2013ء میں انھوں نے پولیس کے ساتھ مل کر شدت پسندوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن بھی شروع کر رکھا ہے جس کی وجہ سے ماضی کی نسبت ملک کے اس سب سے بڑے شہر میں امن و امان کی صورتحال ماضی کی نسبت بہتر ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG