رسائی کے لنکس

اوپرا ونفرے کا امریکی صدارتی انتخاب لڑنے سے انکار


اوپرا ونفرے۔ فائل فوٹو
اوپرا ونفرے۔ فائل فوٹو

گزشتہ چند ہفتوں سے کچھ حلقوں میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ 2000 میں ہونے والے امریکہ کے صدارتی انتخاب میں صدر ٹرمپ کے مخالف اُمیدوار کی حیثیت سے حصہ لینے کے بارے میں غور کر ر ہی ہیں۔

امریکہ میں شوبز کی مشہور شخصیت اوپرا ونفرے نے امریکی صدر کا انتخاب لڑنے سے متعلق خبروں کی تردید کر دی ہے۔

اوپرا ونفرے ایک انتہائی مقبول ٹی وی شو کی میزبان کی حیثیت سے غیر معمولی شہرت کی حامل ہیں ۔ 25 سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے اس ٹی وی شو کے ساتھ ساتھ اُنہوں نے خود اپنی میڈیا ایمپائر قائم کر لی تھی۔ اس ایمپائر میں شوبز کا ایک رسالہ شائع کرنے کے علاوہ فلم سازی، ٹیلی ویژن پروڈکشن، کیبل ٹیلی ویژن اور سٹلائیٹ ریڈیو شامل ہیں۔ یوں 63 سالہ اوپرا ونفرے کا شمار اب دنیا کی امیر ترین خواتین میں کیا جاتا ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں سے کچھ حلقوں میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ 2000 میں ہونے والے امریکہ کے صدارتی انتخاب میں صدر ٹرمپ کے مخالف اُمیدوار کی حیثیت سے حصہ لینے کے بارے میں غور کر ر ہی ہیں۔ تاہم اُنہوں نے ’اِن سٹائل میگزین‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہیں صدارتی انتخاب میں حصہ لینے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

اوپرا فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہیں۔ اُنہوں نے اس ماہ کے شروع میں گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں جنسی ہراس کے خلاف اپنی مہم Me Too کے بارے میں تفصیل سے بات کی جس کے بعد ایک آن لائن مہم کا آغاز ہو گیا جس میں اُنہیں اگلے صدارتی انتخاب میں اُمیدوار کے طور پر پیش کیا جانے لگا۔

اُن کے دیرینہ ساتھی سٹیڈمین گراہم نے بھی لاس اینجلس ٹائمز کو بتایا تھا کہ اگر اُنہیں مناسب حمایت حاصل ہوئی تو وہ یقینی طور پر صدر کا انتخاب لڑیں گی۔ تاہم اوپرا نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ اُنہیں بعض حلقوں کی جانب سے انتخاب لڑنے کیلئے حمایت کی پیشکش کی گئی ہے لیکن وہ خود انتخاب لڑنے کی خواہشمند نہیں ہیں۔

اوپرا ونفرے ڈیموکریٹک پارٹی کی حامی رہی ہیں اور اُنہوں نے اس جماعت کے متعدد اُمیدواروں اور مختلف فلاحی کاموں کیلئے لاکھوں ڈالر کا چندہ اکٹھا کیا ہے۔

کچھ لوگ شو بزنس کے حوالے سے صدر ٹرمپ کا موازنہ اوپرا سے کرتے ہیں۔ صدر ٹرمپ امریکہ کا صدر بننے سے پہلے ٹیلی ویژن کے ایک رئیلٹی شو میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں جبکہ اوپرا کو سیاست کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ خبر رساں ایجنسی رائیٹرز کے مطابق جب چند ہفتے قبل صدر ٹرمپ سے اس بارے میں بات کی گئی تو اُنہوں نے کہا کہ اُن کے خیال میں اوپرا انتخاب نہیں لڑیں گی۔ تاہم اگر اُنہوں نے انتخاب میں لڑنے کا فیصلہ کر لیا تو وہ اُنہیں باآسانی شکست دے دیں گے۔

XS
SM
MD
LG