رسائی کے لنکس

اورکزئی میں مزید 40عسکریت پسند ہلاک


اورکزئی میں مزید 40عسکریت پسند ہلاک
اورکزئی میں مزید 40عسکریت پسند ہلاک

حکام کے مطابق قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان ایک تازہ جھڑپ میں کم ازکم 40 شدت مارے گئے جب کہ دو فوجیوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔ جھڑپوں میں تین اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق راکٹوں اور جدید خودکار ہتھیاروں سے لیس عسکریت پسندوں نے شرین درہ اور سانگھرانا کے علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی دو چوکیوں پر پیر کو الاصباح حملہ کر دیا۔ جوابی کارروائی کرتے ہوئے فورسز نے کم از کم 40 جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔

اورکزئی ایجنسی میں گذشتہ تقریباً تین ہفتوں سے شدت پسندوں کے خلاف جاری فضائی اور زمینی کارروائی میں حکام نے300 سے زائد شدت پسند وں کو ہلاک جب کہ اُن کے زیر استعمال متعدد ٹھکانے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ادھر خیبر ایجنسی کی دور افتادہ وادی تیراہ کے دوطوئی علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف گذشتہ ہفتے کے اواخر میں ہونے والی فوجی کارروائی میں عام قبائلیوں کے جانی ومالی نقصان پر مقامی عمائدین اور خیبر ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ کے درمیان جرگہ ہوا۔

جرگے میں گورنر سرحد اویس غنی کی طرف سے ارسال کردہ تحریری پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا جس میں عام افراد کی ہلاکت پر معذرت کی گئی ہے۔

وادی تیراہ میں حالیہ جھڑپوں میں مارے جانے والے 60 افراد میں سے مقامی قبائل کا کہنا ہے کہ اس میں اکثریت عام قبائلیوں کی تھی تاہم آزاد ذرائع سے ہلاک ہونے والے قبائلیوں کی تعداد کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

XS
SM
MD
LG