رسائی کے لنکس

عالمی درجہ حرارت میں اضافے کا ذمّے دار مغرب ہے: بن لادن کا الزام


اوسامہ بن لادن (فائل فوٹو)
اوسامہ بن لادن (فائل فوٹو)

ریکارڈنگ میں جس شخص کی آواز ہے اُس نے امریکی ڈالر کا استعمال ختم کردینے کا مطالبہ بھی کیا ہے

القاعدہ کے لیڈر اوسامہ بن لادن سے منسوب ایک نئے صوتی پیغام میں امریکہ اور دوسرے ترقی یافتہ ملکوں پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے ذمّے دار ہیں ۔ پیغام میں امریکی ڈالر کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔


اس پیغام میں ، جسے الجزیرہ ٹیلی ویژن نے جمعے کے روز نشر کیا ہے ، کہا گیاہے کہ تمام صنعتی ملک ، خاص طور پر بڑے بڑے ملک عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے بحران کے ذمّے دار ہیں۔پیغام میں کہا گیا ہے کہ آب وہوا تبدیلی کی باتیں کوئى نظریاتی خوش فکری نہیں بلکہ ایک حقیقت ہیں۔


ریکارڈنگ میں جس شخص کی آواز ہے اُس نے امریکی ڈالر کا استعمال ختم کردینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔اُس نے کہا ہے کہ اس قسم کے بائیکاٹ کے نتائج تو ہوں گے لیکن یہی، بقول اُس کے، بنی نوعِ انساں کو امریکہ کی غلامی اور اُس کی محتاجی سے آزاد کرانے کا واحد طریقہ ہے۔

اس بات کی ابھی تصدیق نہیں ہوئى کہ یہ ٹیپ اصلی ہے یا نہیں۔ یہ ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں ایسا دوسرا پیغام ہے جسے القاعدہ کے لیڈر سے منسوب کیا گیا ہے۔


اتوار کے روز بن لادن سے منسوب کیے جانے والے پہلے پیغام میں کہا گیا تھا کہ 25 دسمبر کو کرسمس کے دن ایک امریکی مسافر بردار طیارے کو دورانِ پرواز بم کے دھماکے سے تباہ کرنے کی جو ناکام کوشش کی گئى تھی، القاعدہ نیٹ ورک اُس کا ذمّے دار تھا ۔

پیغام میں کہا گیا تھا کہ جب تک امریکہ، اسرائیل کی حمایت کرتا رہے گا، اُس کے خلاف مزید حملے جاری رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG