رسائی کے لنکس

اسلام آباد: پاکستان کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک


پاکستان فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ایئر فورس ہیڈکوارٹرز نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ (فائل فوٹو)
پاکستان فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ایئر فورس ہیڈکوارٹرز نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کی فضائی افواج کا ایک ایف-16 جنگی طیارہ اسلام آباد میں مشقوں کے دوران گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں سوار پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا ہے۔

پاکستان ایئر فورس کے ترجمان کے مطابق طیارہ بدھ کی صبح اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے مقام پر گر کر تباہ ہوا۔

ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایئر فورس کی جانب سے 23 مارچ کے پروگرام کے لیے ریہرسل کی جا رہی تھی جس کے دوران ایف سولہ طیارہ گر کر تباہ ہوا۔

سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور شہریوں کو تباہ ہونے والے طیارے کے پاس جانے سے روک دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ اُنہیں حال ہی میں "شیر افگن" ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

اسلام آباد: پاکستان کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:17 0:00

اسلام آباد کے میئر شیخ انصر نے کہا ہے کہ طیارہ زمین پر گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب عملہ جائے حادثہ پر پہنچا تو طیارے میں آگ لگی ہوئی تھی۔ عملے نے آگ کو قابو میں کرنا شروع کیا۔ پھر آرمی اور ایئرفورس نے حادثے کے مقام پر پہنچ کر صورتِ حال کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

واقعے کے ایک عینی شاہد محمد دلاور نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جب جہاز اڑ رہا تھا تو ہم اس کا نظارہ دیکھ رہے تھے۔ جہاز جب اوپر سے نیچے آنا شروع ہوا تو اس میں سے آگ سی نکلتی دکھائی دی۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ جائے حادثہ پہنچے تو فوج نے انہیں آگے نہیں جانے دیا اور کہا کہ طیارہ گر گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر طیارہ گرنے کی ویڈیوز بھی گردش کر رہی ہے جس میں جہاز کو بلندی سے نیچے آتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پاکستان فضائیہ کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ایئر فورس ہیڈکوارٹرز نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک انکوائری بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ہر سال 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی تقریبات میں فوجی پریڈ کی جاتی ہے جس کی تیاریاں اور ریہرسلز کئی روز قبل ہی شروع ہو جاتی ہیں۔ مذکورہ طیارہ بھی اسی پریڈ کی تیاریوں کے لیے مشقیں کر رہا تھا۔

XS
SM
MD
LG