رسائی کے لنکس

وزیراعظم گیلانی ہفتہ کو افغانستان کے دورے پر روانہ


وزیراعظم گیلانی ہفتہ کو افغانستان کے دورے پر روانہ
وزیراعظم گیلانی ہفتہ کو افغانستان کے دورے پر روانہ

وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی افغان صدر حامد کرزئی کی دعوت پر افغانستان کادور روزہ دورہ کر رہے ہیں اور کابل میں افغان صدر کے ساتھ ملاقات میں دوطر فہ تعلقات کو وسعت دینے کے علاوہ علاقے کی مجموعی صورت حال بھی زیر بحث آئے گی۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی

وزیر اعظم گیلانی اول نائب افغان صدرمحمد قاسم فہیم، دوئم نائب صدر محمد کریم خلیلی اور طالبان کے ساتھ بات چیت کے لیے قائم اعلیٰ امن کونسل کے چیئرمین پروفیسر برہان الدین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ کاروباری شخصیات اور پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے والے افغانوں سے بھی خطاب کریں گے۔سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے33 کروڑ ڈالر مالی معاونت کا اعلان کر رکھا ہے۔

افغانستان کے سرکاری دورے پر روانگی سے ایک روز قبل جمعہ کو اسلام آباد میں کابینہ کے دفاعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ افغانستان میں پچھلے تیس سال سے جاری جنگ نے پاکستان کو متاثر کیا ہے ۔

وزیر اعظم ہاؤس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان ، پرتگال میں حال ہی میں ہونے والے نیٹوکے سربراہ اجلاس بھی زیر بحث آیا اور شرکا نے افغانستان میں دیرینہ امن ، سلامتی اور استحکام کی جلد از جلد بحالی پر زور دیا۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم گیلانی کے دورے میں دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

پاکستان نے حال ہی میں افغانستان کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت افغان برآمدات کو پاکستان میں واہگہ بارڈر کے راستے بھارت بھیجنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس معاہدے پر یکم جنوری سے عمل درآمد کیا جائے گا تاہم افغانستان سے تجارتی سامان لانے والے ٹرکوں کو بھارتی مصنوعات واپس لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG