رسائی کے لنکس

بلوچستان میں بارشوں سے 17 افراد ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

شدید بارشوں سے بلوچستان میں درجنوں گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا، خاص طور پر اُن علاقوں میں جہاں مکانات کچے تھے۔ بلوچستان میں مزید دو روز تک بارشوں کا امکان ہے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں موسلادھار بارشوں سے دو روز کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

زیادہ تر ہلاکتیں مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے ہوئیں اور ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

جن علاقوں میں بارشوں سے زیادہ نقصان ہوا، اُن میں پشین، نصیر آباد، جعفر آباد اور خضدار کے اضلاع کے علاوہ ژوب ڈویژن کے علاقے بھی شامل ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے "پی ڈی ایم اے" کے ڈائریکٹر جنرل زاہد سلیم نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پانچ ہلاکتیں آسمانی بجلی گرنے سے ہوئیں۔ ان کے بقول متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔

شدید بارشوں سے بلوچستان میں درجنوں گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا، خاص طور پر اُن علاقوں میں جہاں مکانات کچے تھے۔

بلوچستان میں مزید دو روز تک بارشوں کا امکان ہے لیکن زاہد سلیم کا کہنا تھا کہ اب ان کی شدت میں بتدریج کمی آرہی ہے۔

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے علاوہ ملک کے بالائی علاقوں بشمول صوبہ خیبرپختونخواہ اور اسلام آباد میں بھی جمعہ سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے ’این ڈی ایم اے‘ کی طرف سے متعلقہ علاقوں کے حکام کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور برساتی و نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کے لیے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG