رسائی کے لنکس

پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے سمجھوتے


پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے سمجھوتے
پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے سمجھوتے

چین کے اسٹیٹ قونصلر دائی بینگو جمعہ کو اسلام آباد پہنچے تھے اور ان کے وفد میں کئی اہم چینی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار بھی شامل ہیں جنہوں نے ہفتہ کو پاکستانی عہدیداروں سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

چینی وفد نے جمعہ کی شب وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے تفصیلی ملاقات کی تھی جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان مواصلات، تجارت اور توانائی سمیت 70 کروڑ ڈالر مالیت کے چھ معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے تھے۔

پاکستان اور چین کے درمیان کرنسی سے متعلق ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے جس کے تحت دونوں ملک براہ راست پاکستانی روپے اور چینی یوآن میں کاروبار کرسکیں گے۔

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ چینی وفد کی وزیراعظم گیلانی سے ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان معاشی اور تجارتی تعاون کو توسیع دینے کے لیے آئندہ پانچ سالہ منصوبے کی منظوری بھی دی گئی۔

دونوں ملکوں کو ملانے والی اہم شاہراہ قراقرم ہائی وے کو توسیع دینے کے لیے بھی چین پاکستان کو آسان شرائط پر قرض فراہم کرے گا۔

وزیراعظم گیلانی نے چینی وفد سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور مضبوط شراکت داری دونوں ممالک کے عوام اورخطے میں امن ، خوشحالی اوراستحکام کے مفاد میں ہے۔

اُنھوں نے چین سے دوستی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات صرف حکومتوں کی سطح پر روابط تک محدود نہیں ہیں بلکہ اب پاکستان اور چین کے عوام بھی اس تعلق کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس کام کو جاری رکھا جائے گا۔

پاکستان اور چین کےدرمیان دفاعی شعبے میں حالیہ مہینوں میں قربت بڑھی ہے اور دفاعی مبصرین کا ماننا ہے کہ اس کی وجہ واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں حکمت عملی پر اختلافات ہیں۔

نومبر میں پاکستان اور چین کی مشترکہ جنگی مشقیں بھی ہوئی تھیں جس کے بعد پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا تھا کہ چین کے ساتھ فوجی شعبے میں تعاون کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG