رسائی کے لنکس

ڈرون حملوں کے خلاف امریکیوں کا مظاہرہ


کوڈ پنک نامی تنظیم کا اسلام آباد میں مظاہرہ
کوڈ پنک نامی تنظیم کا اسلام آباد میں مظاہرہ

جنگ مخالف ان امریکیوں نے مظاہرے میں صدر براک اوباما سے پاکستانی سر زمین پر ڈرون طیاروں سے کیے جانے والے میزائل حملوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرنے کا اپنا مطالبہ دہرایا۔

ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں کوڈ پنک نامی تنظیم سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد امریکیوں پر مشتمل گروپ نے جمعہ کو اسلام آباد کی جناح سپر مارکیٹ کے قریب ایک مظاہرہ کیا۔

ایک سابق امریکی سفارت کار این رائٹ کی سربراہی میں جنگ مخالف ان امریکیوں نے مظاہرے میں صدر براک اوباما سے پاکستانی سر زمین پر ڈرون طیاروں سے کیے جانے والے میزائل حملوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرنے کا اپنا مطالبہ دہرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی قوانین کسی بھی شخص کو بغیر مقدمہ چلائے قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتے اور ڈرون حملوں میں لوگوں کی ہلاکت ایک ’’ماورائے عدالت‘‘ اقدام ہے۔

اُدھر سرکاری انتباہ کے باوجود عمران خان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف احتجاجی قافلہ ہفتہ کو اسلام آباد سے جنوبی وزیرستان کی طرف اپنا سفر وقت مقررہ پر شروع کرے گا۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ اُن کی قیادت میں احتجاجی ریلی کو حکام نے جس مقام پر روکنے کی کوشش کی شرکا وہیں دھرنا دے کر احتجاج شروع کر دیں گے کیونکہ ان کی جماعت تصادم نہیں چاہتی۔

تحریک انصاف کے احتجاجی قافلے میں کوڈ پنک تنظیم سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد امریکی شہری بھی شرکت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تاہم پاکستانی حکام اور امریکی سفارت خانے نے انھیں ایسے کرنے سے باز رہنے کا انتباہ کیا ہے۔

دریں اثنا کالعدم تحریک طالبان نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ ان کی طرف سے عمران خان کی ریلی کو تحفظ فراہم کرنے کے دعوے بے بنیاد ہیں کیونکہ طالبان کسی ایسے شخص کے ساتھ تعاون نہیں کر سکتے جو ’’مغربی اقدار کا دلدادہ اور سیکولر خیالات‘‘ کا حامی ہو۔

ان امریکیوں کی سربراہ این رائٹ نے بدھ کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور رچرڈ ہوگلنیڈ کو امریکہ کے صدر کے نام ایک خط بھی پہنچایا جس میں ڈرون حملوںٕ کو بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام لگایا گیا کہ ان میں سینکڑوں عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG