رسائی کے لنکس

حکومت کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے گا: وزیراعظم


وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سنگین جرائم میں ملوث عناصر سے کوئی رعایت نہیں برتنی چاہیئے۔

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی عمل داری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

اُنھوں نے جمعہ کو لاہور میں ایک اعلٰی سطحی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے حکومت کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ پیشگی اقدامات کرے۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سنگین جرائم میں ملوث عناصر سے کوئی رعایت نہیں برتنی چاہیئے۔

اُنھوں نے آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں خصوصی انسداد دہشت گردی فورس کی تشکیل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس نئی فورس کی کمانڈ کا نظام موجودہ پولیس سے الگ اور زیادہ موثر بنایا جائے تاکہ وہ عوام کی اُمنگوں کے مطابق کام کر سکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نئی فورس کو خاص طور پر بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان میں ملوث افراد کے خلاف بلاتفریق اور موثر کارروائی کرنا ہو گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر سے نمٹنے کے لیے قانون سازی بھی کی جا رہی ہے جس کے تحت امن کو نقصان پہنچانے والوں سے سختی سے نمٹنا جائے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کی مشاورت سے انسداد دہشت گردی کے لیے ایک پالیسی پر کام کر رہی ہے جس میں شدت پسندی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی کے علاوہ خصوصی فورسز کی تشکیل بھی شامل ہو گی۔
XS
SM
MD
LG