رسائی کے لنکس

پاک، افغان اور نیٹو حکام کا سہ فریقی اجلاس


پاک، افغان اور نیٹو حکام کا سہ فریقی اجلاس
پاک، افغان اور نیٹو حکام کا سہ فریقی اجلاس

پاک افغان سرحد پر رابطوں کو موثر بنانے کے لیے پاکستانی فوج، افغان نیشنل آرمی اور بین الاقوامی اتحادی افواج کے اعلیٰ عہدیداروں کی ملاقات بدھ کو ہوئی۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایک بیان کے مطابق یہ ملاقات سرحدی علاقے طورخم میں قائم فوجی رابطوں کے ایک مشترکہ مرکز میں ہوئی، اور پاکستانی فوج کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل اشفاق ندیم احمد نے اس اجلاس میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔

نومبر 2011ء میں مہمند ایجنسی میں فوجی چوکیوں پر نیٹو کے حملے میں 24 پاکستانی اہلکاروں کی ہلاک کے بعد تینوں ممالک کے فوجی عہدیداروں کے مابین ہونے والا یہ پہلا اعلیٰ سطحی رابطہ تھا۔

یہ اجلاس ایسے وقت ہوا ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق امریکی سنٹرل کمان کے سربراہ جنرل جیمز میٹس آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان کا دورہ کریں گے جہاں اُن کی پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات بھی ہو گی۔ لیکن اس متوقع دورے کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

سرحد کی دونوں جانب عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کو موثر بنانے اور غلط فہمی کی بنیاد پر آپریشن کے امکانات کو کم کرنے کے لیے چمن، طورخم، باجوڑ اور مہمند ایجنسیوں کو ملانے والی سرحد، کے علاوہ شمالی وزیرستان میں یہ مشترکہ فوجی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

بیٹو حملے کے بعد پاکستان فوج نے سرحد پر قائم فوجی رابطوں کے چار مراکز یا ’بارڈر کوآرڈینیشن سینٹرز‘ میں سے دو مراکز پر تعینات اپنے سینئیر افسران کو مشاورت کے لیے فوجی ہیڈ کواٹرز میں طلب بھی کیا تھا۔

مہمند ایجنسی میں سرحدی چوکیوں پر نیٹو کے مہلک حملے پر پاکستان نے سخت ردعمل میں اپنی سرزمین کے راستے افغانستان میں تعینات اتحادی افواج کو رسد کی ترسیل پر پابندی عائد کرنے اور بلوچستان میں شمسی ایئر بیس کو امریکہ سے خالی کروانے کے علاوہ نیٹو اور امریکہ کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کی شرائط پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا تھا۔

حکومت نے پارلیمان کی کمیٹی برائے قومی سلامتی کو امریکہ اور نیٹو سے مستقبل تعاون پر نظرثانی کا کام سونپا تھا اور کمیٹی نے اپنی سفارشات گزشتہ ماہ مرتب کر لی تھیں اور وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ان کی حتمی منظوری پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں دی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG