رسائی کے لنکس

دھرنوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے: نواز شریف


وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب حزب مخالف کی جماعت تحریک انصاف 30 نومبر کو اسلام آباد میں اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے جا رہی ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ دھرنوں اور احتجاج سے ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع ایبٹ آباد میں حویلیاں کے مقام پر ہفتہ کو ہزارہ موٹر وے کے منصوبے کے سنگ بنیاد کے موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اُن کی حکومت ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے کوششوں میں مصروف ہے۔

’’دھرنوں سے کچھ نہیں ہو گا، دھرنوں سے ملک پیچھے جائے گا۔ دھرنوں سے ترقی نہیں آئے گی دھرنوں سے بیروزگاری کا خاتمہ نہیں ہو گا بلکہ بیروزگاری بڑھے گی ترقی نہیں ہو گی بلکہ تنزلی ہو گی۔‘‘

وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب حزب مخالف کی جماعت تحریک انصاف 30 نومبر کو اسلام آباد میں اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے جا رہی ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ہفتہ کو اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اتوار کو اپنی جماعت کی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ تاہم اُنھوں نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے دھرنوں کے باعث ملک کی معیشت کو سنھبالا دینے کی کوششیں متاثر ہوئی ہیں۔

تاہم وزیراعظم نواز شریف نے ہفتہ کو ہزارہ موٹر وے کے سنگ بنیاد کے موقع پر کہا کہ اس طرح کے منصوبے ملک کی ترقی اور خوشحالی کا سبب بنیں گے۔

’’یہ پاکستان چین (اقتصادی راہداری) کی سڑک بنے گی جس (کے ذریعے) چین کا سارا تجارتی مال گوادر تک آئے گا۔ چین (دوسرے راستوں سے) جو سفر طے کرنا پڑتا ہے وہ پندرہ بیس دنوں کا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ (پاکستانی چین اقتصادی راہداری کے قیام کے بعد) اس راستے سے صرف چار دنوں میں ان کا سامان پہنچے گا۔‘‘

فائل فوٹو
فائل فوٹو

دریں اثنا اسلام آباد میں تحریک انصاف کے جلسے سے وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کیے جا رہے ہیں اور دیگر علاقوں سے بلائی گئی پولیس کی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

اُدھر اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ایک بیان میں امریکی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ30 نومبر کو وفاقی دارالحکومت کے حساس علاقے ’ریڈ زون‘ میں جانے سے اجتناب کریں۔

عمران خان کی جماعت کا جلسہ اسلام آباد کے حساس علاقے ’ریڈ زون‘ کے قریب ہوگا۔ تحریک انصاف کے سربراہ 15 اگست سے وفاقی دارالحکومت میں احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اتوار کو ہونے والے جلسے سے قبل حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ایک رکن قومی اسمبلی اعجاز چوہدری نے ہفتے کو تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اعجاز چوہدری بطور آزاد اُمیدوار منڈی بہاو الدین سے کامیاب ہوئے تھے لیکن بعد میں اُنھوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG