رسائی کے لنکس

پاک امریکہ دوری کے باعث بہت کچھ داؤ پر


امریکی نائب وزیر خارجہ تھامس نائیڈز پاکستانی وزیرخارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات
امریکی نائب وزیر خارجہ تھامس نائیڈز پاکستانی وزیرخارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات

امریکہ کے نائب وزیر خارجہ ٹام نائیڈز نے پاکستان کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو ’’انتہائی، انتہائی اہم‘‘ قرار دیتے ہوئے ان میں توازن قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں بدھ کو وفود کی سطح پر باضابطہ مذاکرات کے بعد سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر نائیڈز نے کہا کہ 2011ء پاک امریکہ تعلقات کے لیے آزمائش کا سال ثابت ہوا، لیکن دونوں ممالک اختلافات کے باوجود تعمیری انداز میں کام کر رہے ہیں۔

’’ہمیں یقین ہے کہ ان تعلقات میں ایک متوازن سوچ حاصل کر لیں گے جس میں پاکستان کی خودمختاری اور اس کے مفادات کا احترام موجود ہو لیکن وہ ہماری (امریکہ کی) قومی سلامتی کے خدشات کی بھی عکاسی کرتی ہو۔‘‘

اعلیٰ امریکی سفارت کار کا کہنا تھا کہ اُن کی پاکستان میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ مذاکرات کا تسلسل دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کا سب سے نتیجہ خیز ذریعہ اور پختہ جمہوریتوں کا طریقہ کار بھی ہے۔

’’ایک دوسرے سے دور ہونے میں ہمارا بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہےلہٰذا ہمیں ان تمام چیلنجوں سے عہدا برآ ہونے کے لیے کام کرنا ہوگا۔‘‘

پاکستانی پارلیمان میں امریکہ اور نیٹو کے ساتھ اشتراک عمل کی نئی شرائط پر بحث کے بارے ٹام نائیڈز نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نظر ثانی کے اس عمل کی تکمیل دونوں ملکوں کو دوطرفہ تعلقات کو دیرپا، اسٹریٹیجک اور زیادہ واضح شکل دینے کا موقع فراہم کرے گی۔

ٹام نائیڈز نے بدھ کو اسلام آباد میں وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر کے ساتھ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی سے متعلق اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مسٹر گیلانی نے نائب امریکی وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان باہمی احترام اور مشترکہ مفاد کی بنیاد پر امریکہ کے ساتھ تعلقات اُستوار کرنے کا خواہاں ہے۔

امریکی نائب وزیرِ خارجہ کی پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتیں ایسے وقت ہوئی ہیں جب ایک روز قبل امریکہ نے کالعدم لشکرِ طیبہ کے بانی اور جماعت الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید کی گرفتاری پر ایک کروڑ ڈالر انعامی رقم کا اعلان کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG