رسائی کے لنکس

امریکی ہیلی کاپٹروں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری


جہاز بردار امریکی بحری بیڑا
جہاز بردار امریکی بحری بیڑا

امریکہ کی طرف سے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے مالی امداد میں اضافے کے اعلان کے بعد اب مجموعی رقم سات کروڑ 60لاکھ ڈالر ہو گئی ہے جبکہ امدادی سرگرمیوں میں مدد کے لیے 19 ہیلی کاپٹر بھی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں سے پانچ ہیلی کاپٹر پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

یہ طیارے بحیرہ عرب کے بین الاقوامی پانیوں میں صف آرا یوایس ایس پیلیلیو بحری جہاز سے پرواز کر کے پاکستان پہنچے ہیں۔ ان ہیلی کاپٹروں کی پاکستان آمد کے موقع پر صحافیوں کو بھی بحری جہاز پر لے جایا گیا۔

کراچی میں امریکی قونصل جنرل ولیم مارٹن نے اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کو سیلاب سے نمٹنے کے لیے اپنے گہرے عزم کے پیش نظر مدد دی ہے اور وہ پاکستانی عوام کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ سیلاب کے بعد تعمیر نو کے مرحلے میں بھی امریکہ مدد جار ی رکھے گا۔

امریکی بحری جہاز کے کمانڈنگ آفیسرکیپٹن ڈیوڈ نے کہا کہ وہ پاکستان کی حکومت کے کہنے پر پاکستانی فوج کے شانہ بہ شانہ کام کر رہے ہیں تاکہ امدادی سامان ان دیہاتوں اور قصبو ں میں تقسیم کیا جا سکے جنہیں اس مدد کی ضرور ت ہے۔

امریکی ہیلی کاپٹروں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری
امریکی ہیلی کاپٹروں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری

پاکستان میں موسلا دھار بارشوں کے باعث آنے والے تباہ کن سیلاب کے ابتدائی دنوں میں امریکہ نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے افغانستان سے فوری طور پر چھ فوجی ہیلی کاپٹر روانہ کیے تھے جن کے ذریعے خراب موسم کے باوجود اب تک تین ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل اور تین لاکھ ٹن پاؤنڈ وزنی ہنگامی امداد پر مبنی اشیاء متاثرہ علاقوں میں پہنچائیں گئی ہیں۔

امریکی سینٹ کی خارجہ اُمور کمیٹی کے سربراہ سینٹیر جان کیری بھی آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جس کا مقصد سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینا اور امریکی عوام میں پاکستانی سیلاب زدگان کی ضروریا ت کے بارے میں آگاہی پید ا کرنا ہے۔ اس کے علاوہ وہ پاکستانی رہنماؤں سے بات چیت میں ساڑھے سات ارب ڈالر کی امداد کے کیری- لوگر- برمن بل کا ازسر نو جائزہ لینے اور اس میں سیلاب زدگان کی ضروریات کو ایڈجسٹ کرنے پر غور کریں گے۔


XS
SM
MD
LG