رسائی کے لنکس

”امریکہ پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعلقات کا خواہاں ہے“


راجیو شا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران
راجیو شا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران

پاکستان کے دورے پر آئے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ”یوایس ایڈ“کے سربراہ راجیوشا نے کہا ہے کہ اُن کے دور ے کا مقصدحال ہی میں پاک اور امریکہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ میں طے پانے والے معاملات کو آگے بڑھانے اور اُنھیں عملی جامہ پہنانے کے لیے پیش رفت کا طریقہ کارطے کرنا ہے۔

اسلام آباد میں بدھ کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں راجیوشانے کہا کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران اُنھوں نے پاکستانی حکام سے تفصیلی ملاقاتیں کیں ہیں جن کا مقصد خاص طور پر زراعت ، توانائی اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں امریکی تعاون کا طریقہ کار کو وضع کرنا تھا ۔ اُنھوں نے کہا کہ امریکہ پاکستا ن کے ساتھ طویل المدتی اور گہرے تعلقات کا خواہاں ہے اس لیے یوایس ایڈ پاکستانی عوام کے مسائل کو سمجھتے ہوئے مقامی اداروں کی استداد کار بڑھانے کے منصوبوں پر کام کررہا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ما ہ امریکہ اور پاکستان کے وزرائے خارجہ سطح پر ہونے والے اسٹریٹیجک ڈائیلا گ میں پاکستان کو درپیش توانائی کے شدید بحران کو کم کرنے کے لیے امریکہ نے بجلی کے چار منصوبوں کے لیے 12.5 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیاتھا۔ یوایس ایڈ کے سربرا ہ نے بھی توانائی کے شعبے میں پاکستان کے لیے امریکی تعاون بڑھانے کے عزم کو دہرایا ۔ اُنھوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے امریکی تعاون اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعلقات کا خواہاں ہے۔

اُنھوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ یوایس ایڈ کی طر ف سے پاکستان کے لیے امداد مشروط بنیادوں پر فراہم نہیں کی جارہی ہے تاہم ادارے کے سربراہ نے یہ ضرور کہا کہ امریکی عوام کے ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم کے درست اور شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات ضروری ہیں اور یہ صرف پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں یوایس ایڈ کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کے لیے کیے جاتے ہیں۔

پریس کانفرنس میں یو ایس ایڈ کے پاکستان میں ڈائریکٹر رابرٹ ولسن نے پاکستان کے قبائلی علاقوں کے لیے ادارے کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کے بارے میں بتایا کہ یہ رقم فاٹا سیکریٹریٹ اور مقامی غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعے خرچ کی جارہی ہے ۔ تاہم اُنھوں نے کہا کہ ان علاقوں میں امن وامان کی خراب صورت حال کے باعث ادارہ مختص کردہ رقم پوری طرح خرچ نہیں کرسکا ہے۔

XS
SM
MD
LG