رسائی کے لنکس

اعلیٰ سطحی مذاکرات کے لیے پاکستانی وفد واشنگٹن پہنچ گیا


اعلیٰ سطحی مذاکرات کے لیے پاکستانی وفد واشنگٹن پہنچ گیا
اعلیٰ سطحی مذاکرات کے لیے پاکستانی وفد واشنگٹن پہنچ گیا

امریکی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی مذاکرت یا اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے لیےپاکستان کا وفد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں واشنگٹن پہنچ گیا ہے۔ وزیر دفاع احمد مختار اور پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق کیانی بھی وفد میں شامل ہیں۔ باضابطہ بات چیت 24 مارچ کو ہوگی۔

ایک روز قبل اسلام آباد میں امریکی سفیر این پیٹرسن سے ملاقات میںوزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ واشنگٹن میں منعقد ہونے والے پاک امریکہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے چوتھے دور کے ٹھوس نتائج سامنے آئیں گے اور دونوں ملک ان اہداف کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے جن کا اس سلسلے میں تعین کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے خاص طور پر بجلی کی پیداوار ،تعلیم، پانی کے تحفظ، پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استطاعت میں اضافے، کیری لوگر بل کے تحت اقتصادی امداد کی جلد فراہمی، کولیشن سپورٹ فنڈ اور عسکری امداد کی فراہمی کے شعبوں میں مفید پیش رفت کی توقع کا اظہار کیا ہے۔۔

ان کے بقول پاکستان امریکہ کے ساتھ بات چیت میں ایک حقیقت پسندانہ طرز عمل اپنائے گا اور یہ بھی چاہے گا کہ ان مذاکرات کا پانچواں دور جلد ازجلد اسلام آباد میں منعقد ہو تاکہ چوتھے دور کی بات چیت سمیت دیگر معاملات میں تعاون کو مزید آگے بڑھایا جاسکے۔

امریکی سفیر این پیٹرسن نے وزیراعظم کو بتایا کہ ان کے ملک میں اس سے پہلے اس سطح کے اسٹریٹیجک مذاکرات کسی اور ملک کے ساتھ نہیں کیے اور ان کے مطابق امریکہ پاکستان کے ساتھ ہونے والی اس بات چیت کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کرے گا۔

گذشتہ ہفتے اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ماضی میں امریکہ کے ساتھ ہونے والے ان مذاکرات میں پاکستانی وفود کے موقف میں ابہام تھا لیکن ان کا وفد ایک بھرپور تیاری کے ساتھ بات چیت میں شرکت کر ے گا اور وہ اپنے ساتھ ایک ٹھوس روڈ میپ لے کر جا رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG