رسائی کے لنکس

نئے امریکی سفیر پاکستان پہنچ گئے


نئے امریکی سفیر پاکستان پہنچ گئے
نئے امریکی سفیر پاکستان پہنچ گئے

پاکستان کے لیے نئے نامزد امریکی سفیر کیمرون منٹر اپنی اہلیہ میرلین وائیٹ کے ہمراہ منگل کو اسلام آباد پہنچے اور وہ بدھ کو صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں اُنھیں اپنی سفارتی اسناد پیش کر یں گے۔ کیمرون منٹر گذشتہ ہفتے امریکہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے اسٹریٹیجک مذاکرات میں بھی شریک تھے ۔

امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق کیمرون منٹرنے اگست 2010ء میں بغداد میں بطور سفارت کار اپنی تعیناتی کا عرصہ مکمل کیا ہے۔ بغداد میں وہ 2009ء میں فوجی منسٹر قونصلراورپھر 2010ء کے پہلے چھ ماہ میں وہاں ڈپٹی چیف آف مشن تعینات رہے۔ بیان کے مطابق اُنھوں نے 2007ء سے لے کر 2009ء تک بلغراد میں بھی بطور سفیر خدمات سرانجام دیں۔

کیمرون منٹر نے اتہاکا یونیورسٹی نیویارک اور جرمنی کی فریبرگ اور ماربرگ یونیورسٹیوں سے تعلیم حاصل کی۔ اُنھوں نے 1983ء میں جان ہاپکنز یونیورسٹی بالٹی مور سے جدید تاریخ یورپ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ کیمرون کیلیفورنیا یونیورسٹی لاس اینجلس میں 1984ء سے 1985ء تک ٹوینٹئتھ سنچری فنڈ نیویارک میں یورپی علوم کے ڈائریکٹر رہے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ کیمرون منٹر کی اہلیہ میرلین وائیٹ نے جان ہاپکنز یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور اُنھیں غیر سرکاری تنظیموں اور ابلاغیات کے شعبوں میں کام کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ مز وائیٹ سابق امریکی سفات کار ہیں اور پاکستان میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے ساتھ کام کریں گی۔ کیمرون منٹراور مز وائیٹ کے دو بچے ہیں۔

مسٹر منٹر، این پیٹر سن کی جگہ لیں گے۔

XS
SM
MD
LG