رسائی کے لنکس

پاک امریکہ توانائی کے شعبے میں تعاون پر دوروزمذاکرات کا آغاز


پاک امریکہ توانائی کے شعبے میں تعاون پر دوروزمذاکرات کا آغاز
پاک امریکہ توانائی کے شعبے میں تعاون پر دوروزمذاکرات کا آغاز

پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدت شراکت داری کے لیے مارچ میں ہونے والے اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے تحت توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے بدھ سے دونوں ممالک کے درمیان دو روزہ مذاکرات کا آغاز اسلام آباد میں ہوا۔

پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے پانی وبجلی راجہ پرویز اشرف جب کہ امریکی وفد کی سربراہی صدربراک اوباما کے ایک معاون ڈیوڈ لپٹن کر رہے ہیں۔

ایک سرکاری بیان میں بتایا گیاہے کہ بات چیت کہ اس پہلے دور میں پاکستانی وفد نے ملک کو درپیش توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات سے امریکی حکام کو آگاہ کیا۔

امریکی سفارتخانے کی طرف سے بھی جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی وفد نے بجلی کی قلت کے باعث عام پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے اپنے تعاون کے عزم کو دہرایاجب کہ مذاکرات میں اُن منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جن کے تحت امریکہ پہلے مرحلے میں پاکستان کو مدد فراہم کرچکا ہے۔

وفاقی وزیر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مذاکرات کے اس عمل میں پاکستان کو درپیش توانائی کے بحران کا مکمل احاطہ کیا گیا ہے۔

دونوں ممالک کے وزراء خارجہ کے درمیان واشنگٹن میں ہونے والے اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں باہمی شراکت داری کو بڑھانے کے لیے متعد د شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تھا اور ان میں سے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے پاکستان میں بجلی کی پیدوار بڑھانے کے منصوبوں کے لیے کروڑوں ڈالر کی امریکی امداد بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG