رسائی کے لنکس

فضائی مشقوں میں شرکت کے لیے پاکستانی دستہ امریکہ راوانہ


پاکستان کے ایف سولہ لڑاکا طیاروں کا ایک دستہ امریکہ میں ہونے والی کثیر الملکی مشقوں میں شرکت کے لیے ہفتے کو امریکہ روانہ ہوگیا ہے۔

لڑاکا پائلٹوں اور تکنیکی عملے پر مشتمل یہ دستہ پاک فضائیہ کے چکلالہ ہوائی اڈے سے روانہ ہوا اور یہ 15جولائی سے ”ریڈ فلیگ“ یا سرخ پرچم کے نام سے شروع ہونے والی مشقوں میں حصہ لے گا۔ان مشقوں میں امریکہ سمیت دنیا بھر کی ممتاز ترین فضائی فورسز حصہ لے رہی ہیں۔

سرخ پرچم میں شرکت کے لیے پاکستان کی فضائیہ، بحراوقیانوس پر پرواز کرے گی۔

پاکستانی فضائیہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان مشقوں میں حصہ لینے سے فورس کی لڑاکا صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا جس سے اسے اکیسویں صدی میں فضائی طاقت کو مئوثر طور پر بروئے کار لانے کے چیلنج میں مدد ملے گی۔

ریڈ فلیگ دنیا کی معروف ترین فضائی مشقیں ہیں جو 1975ء کے بعد سے امریکہ میں وقتاًفوقتاً منعقد ہوتی رہتی ہیں۔

پاکستان ان مشقوں میں ایک ایسے وقت پر حصہ لینے جارہا ہے جب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قریبی اتحادی اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے جس میں دیگر شعبوں کے علاوہ دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کو بھی مرکزیت حاصل ہے۔

گذشتہ ماہ امریکہ نے پاکستان کو ایک معاہدے کے تحت پہلی کھیپ میں تین جدید ترین ایف سولہ طیارے فراہم کیے تھے جس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ یہ رات میں درستگی کے ساتھ حملہ کرنے کے علاوہ دیگر کئی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG