رسائی کے لنکس

نئے F-16 طیارے ہفتے کو پاکستان کے حوالے کیے جائیں گے


نئے F-16 طیارے ہفتے کو پاکستان کے حوالے کیے جائیں گے
نئے F-16 طیارے ہفتے کو پاکستان کے حوالے کیے جائیں گے

امریکہ کی طرف سے پاکستان کو دیے جانے والے 18نئے F-16لڑاکا طیاروں کی کھیپ میں سے تین طیارے ہفتے کو پاکستان کو پہنچ رہے ہیں جوامریکہ کے بقول دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میںآ نے والی مضبوطی کی علامت ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی ائرفورس 15 مزید طیارے اس سال کے آخر اور اگلے سال تک پاکستان کے حوالے کردے گی۔

امریکی عہدے داروں نے کہا ہے پاکستان کودیے جانے والے ایف سولہ طیارے 1980 کی دہائی میں طے پانے والے معاہدے کے تحت فروخت کیے جا رہے ہیں جس پر امریکہ نے 1990 کے اوائل میں عمل درآمد روک دیا گیا تھا۔سرکاری بیان کے مطابق امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس اور دوسرے فوجی وسول رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے۔

اس سال مارچ میں واشنگٹن میں پاکستان اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کے مابین اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے اجلاس کے بعد رواں ماہ دونوں ملکوں کے اعلیٰ وفود کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں بھی بات چیت کا مرکزی نقطہ دو طرفہ فوجی تعلقات میں بہتری اورسکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانا تھا۔

پاک امریکی وزرائے خارجہ کی ملاقات 24 مارچ کو واشنگٹن میں ہوئی
پاک امریکی وزرائے خارجہ کی ملاقات 24 مارچ کو واشنگٹن میں ہوئی

پاکستان اور امریکہ کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ پچھلے نو سالوں کے دوران دو طرفہ فوجی، سیاسی اوراقتصادی تعلقات مضبوط ہوئے ہیں اور اُن میں وسعت آئی ہے۔ امریکی ائر فورس کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ نئے ایف سولہ طیاروں کی پاکستانی فضائیہ میں شمولیت سے اُس کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا کیونکہ ان جہازوں میں نصب آلات کی مدد سے دن، رات اورکسی بھی موسم میں اہدف کونشانہ بنانے کی صلاحیت ہے۔ امریکی حکام کے مطابق پاکستانی فضائیہ کے پاس پہلے ایسی صلاحیت نہیں تھی اس لیے یہ ٹیکنالوجی پاکستان کو فراہم کرنا دونوں ملکوں کے گہرے تعلقات میں ایک نیا سنگ بنیاد رکھنے کے مترادف ہے۔

امریکی ائر فورس کے حکام کا کہنا ہے کہ نئے طیاروں سے پاکستانی فضائیہ اس قابل ہو جائے گی کو دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے وقت عام شہریوں کو کم سے کم نقصان ہو۔

امریکی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ 18 نئے ایف سولہ طیاروں کے لیے پاکستان ایک اعشاریہ چار ارب ڈالر ادا کر رہا ہے جبکہ اپنے موجوہ ایف سولہ طیاروں کو جدید بنانے کے لیے وہ ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر ادا کرے گا جن کی ترسیل 2012 میں شروع ہو گی۔اس کے علاوہ امریکی ائر فورس پاکستانی پائلٹوں کو بھی تربیت فراہم کر رہی ہے جن میں رات کے وقت حملے کرنے کی تربیت بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG