رسائی کے لنکس

”امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش مند“


”امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش مند“
”امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش مند“

پاکستان کو توانائی کے سنگین بحران اور دہشت گردی کے خطرات سمیت کئی چیلنج درپیش ہیں لیکن حکام کاکہنا ہے کہ اس کے باوجود امریکہ ملک میں سرمایہ کاری کا خواہش مند ہے اور اس ضمن میں گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران چھ امریکی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا ہے جو توانائی،تیل کی تلاش اور تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں گی۔

وائس آف امریکہ سے انٹرویو میں سرمایہ کاری کے وزیر مملکت سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اپریل 2009ء میں امریکی سفارتخانے اور پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ نے مشترکہ طور پر ایک پروگرام شروع کیا تھا جس کے تحت پاکستان کے تاجران اور صنعت کاروں کو امریکہ کے دورے کروا کر یہ موقع فراہم کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھایا جائے۔انھوں نے بتایا کہ جن کمپنیوں نے سرمایہ کاری پر اتفاق کیا ہے ان میں رچمنڈ پاور اور ہائیڈرو کارب شامل ہیں۔

سلیم مانڈوی والا
سلیم مانڈوی والا

مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان میں اگرچہ سلامتی کے حوالے سے خطرات موجود ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ ”یہ خطرات افراد کو لاحق ہوسکتے ہیں لیکن بیرونی کمپنیوں کو یا ان کے سرمائے کو کوئی خطرہ نہیں ہے“۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ امریکی کمپنیاں تمام تر خدشات کے باوجود ان شعبوں میں پیسہ لگانے کی خواہش رکھتی ہیں جہاں انھیں ترقی کے مواقع نظر آتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ مذکورہ پروگرام امریکی سفارتخانے کی طرف سے شروع کیا گیا جو اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام ہے جس کے تحت خود امریکی سفیر این پیٹرسن نے حال ہی میں پاکستانی تاجروں،بینکروں اور صنعت کاوں کو اپنی قیادت میں اپنے ملک کا دورہ کرایا اور وہاں کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقعوں سے آگاہ کیا۔

سلیم مانڈوی والا کے مطابق اس پروگرام کے تحت اب تک پاکستان سے چار وفد امریکہ کا دورہ کرچکے ہیں جس کے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے دورس نتائج متوقع ہیں۔

امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی اور سرمایہ کاری پارٹنر ہے۔ مالی سال 2008-2009کے دوران پاکستان میں امریکہ نے 80کروڑ 70لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی جو ملک میں ہونے والی کل بیرونی سرمایہ کاری کا 23فیصد تھی۔

پاکستان اور امریکہ کا دوطرفہ تجارتی حجم 4.7ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

XS
SM
MD
LG