رسائی کے لنکس

امریکہ کی جانب سے فاٹا میں سنگ مرمر کی صنعت کے فروغ میں اعانت


امریکہ کی جانب سے فاٹا میں سنگ مرمر کی صنعت کے فروغ میں اعانت
امریکہ کی جانب سے فاٹا میں سنگ مرمر کی صنعت کے فروغ میں اعانت

امریکہ نے پاکستان کے قبائلی ملکوں میں سنگ مرمر کی کان کنی کے لیے 18کروڑ 76لاکھ روپے مالیت کی جدید مشینری فراہم کرنے کا ایک معاہدہ کیا ہے ۔

باجوڑ اور مہمند ایجنسیوں میں کان کنوں کو فراہم کی جانے والی اس مشینری کے معاہدے کا اعلان بدھ کو پشاور میں امریکی قونصل جنرل ای کنڈیس پٹنم اور گورنر سرحد اویس غنی نے کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کینڈس پٹنم نے کہا کہ اس مشینری کی مدد سے کان کن چوکور شکل کے سنگ مرمر کی سلیں نکال سکیں گے جو تجارتی منڈی میں 150فیصد زیادہ قیمتی تصور ہوتی ہیں۔انھوں نے کہا ”اضافی قدرقیمت سے قدرتی طور پر زیادہ منافع حاصل ہوگا، اس صنعت میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور مجموعی طور پر خطے کی معیشت میں بہتری آئے گی“۔

امریکی سفارتخانے سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک تخمینے کے مطابق تین ارب میٹرک ٹن کے وسیع ذخائر کے باوجود سنگ مرمر نکالنے لیے دھماکوں جیسے فرسودہ طریقوں کو بروئے کار لانے سے 70فیصدپتھر ضائع ہوجاتا ہے اور ماحول کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ اس علاقے میں پانچ سو سے زیادہ کانوں کو خطرہ بھی لاحق رہتا ہے۔

فاٹا سیکرٹریٹ پاکستان سٹون ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کی فنی مشاورت سے مشینری کی خرایداری اور انتظام وانصرام کرے گا اور یہ مشینری کم کرایہ پر بھی دی جائے گی جس سے اس صنعت میں چھوٹے سرمایہ داروں کی کان کنی کی جدید طریقے استعمال کرنے میں مدد ملے گی۔

بیان کے مطابق باجوڑ اور مہمند ایجنسیوں سے سنگ مرمر کی اس وقت سالانہ پیداوار کا تخمینہ 17لاکھ میٹرک ٹن ہے ۔ نئے آلات کی مدد سے کان کن سالانہ 49لاکھ میٹرک ٹن سنگ مرمر نکال سکیں گے جس سے 80ارب روپے سے زائد کی سالانہ آمدن حاصل ہوگی۔

اس مشینری کی فراہمی فاٹا میں امریکی امداد سے چلنے والے ان متعدد پروگراموں میں سے ایک ہے جن میں فرنیچر،قیمتی پتھروں، چمڑے اور ہارٹیکلچر کی صنعتوں کوتربیت اور گرانٹس کے ذریعے کاروبار اور صنعت کو مستحکم کیا جارہا ہے اور یہ منصوبہ فاٹا کے لوگوں کی امریکی اعانت کے اس مجموعی پروگرام کا حصہ ہے جس میں روزگار،بنیادی ڈھانچہ،صحت عامہ اور تعلیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG