امریکہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خواہ میں مقاہ حکام کے ساتھ مل کر تعلیم کے فروغ کے ایک منصوبے پر کام کررہا ہے جس کا مقصد پشاور میں 187سکولوں کی بحالی اور تعمیر نو کے ذریعے ایسا صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے جس میں طلبا معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔
جمعے کو امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پشاور میں امریکی قونصل جنرل ای کینڈس پٹنم نے صوبائی ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم کے ہمراہ منصوبے کے تحت چلنے والے ایک ا سکول کا دورہ کیا۔
اس موقع پر قونصل جنرل نے کہا ” اسکولوں کی بحالی کا یہ پروگرام امریکی عوام کی جانب سے آپ کی اعانت کا ایک ادنیٰ سا انداز ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ کوشش آپ کے بچوں کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنائے گی“۔
بحالی کے اس منصوبے میں ، جس کی اعانت امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی نے فراہم کی ہے، رنگ وروغن، نئے پنکھے اور ٹیوب لائٹوں کی تنصیب، چار دیواری کی تعمیر، فراہمی و نکاسی آب، باتھ رومز کی بحالی اور الیکٹرک کولرز کی فراہمی،ابتدائی طبی امداد کے صندوق،ڈیسک اور اساتذہ کے لیے کرسیوں کی فراہمی شامل ہیں۔ بیان میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ تقریباً26ہزارطالب علم اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔
خیال رہے کہ خیبر پختون خواہ اور اس سے ملحقہ قبائلی علاقوں میں شدت پسندوں کی طرف سے رات کے اندھیرے میں سکولوں کو تباہ کرنے کی کارروائیاں جاری ہیں جس سے بڑی تعداد میں بچے مناسب ماحول میں تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہوجاتے ہیں۔ کئی علاقوں میں طلبا ان تباہ حال عمارتوں میں ہی سلسلہ تعلیم جاری رکھنے پر مجبور ہیں۔