رسائی کے لنکس

جمیز ڈوبنر کی تعیناتی خطے کے لیے خوش آئند: پاکستان


اعزاز احمد چودھری
اعزاز احمد چودھری

دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چودھری نے کہا کہ سفیر جیمز ڈوبنز ایک منجھے ہوئے اور تجربہ کار سفارتکار ہیں اور پاکستان پر امید ہے کہ اس تعیناتی سے علاقے میں امن و سلامتی اور خوشحالی لانے کی مشترکہ کوششوں کو تقویت ملے گی۔

پاکستان نے نئے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان جیمز ڈوبنز کی تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خطے میں مشترکہ مفادات کے حصول کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے سینئر سفارت کار جیمز ڈوبنز کی اس عہدے پر تقرری کے بارے میں جمعہ کو پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور افغانستان کے صدر حامد کرزئی کو ٹیلی فون پر رابطہ کر کے آگاہ کیا تھا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چودھری نے ہفتہ کو وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفیر جیمز ڈوبنز ایک منجھے ہوئے اور تجربہ کار سفارتکار ہیں اور پاکستان پر امید ہے کہ اس تعیناتی سے علاقے میں امن و سلامتی اور خوشحالی لانے کی مشترکہ کوششوں کو تقویت ملے گی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چودھری کا کہنا تھا کہ آئندہ سال افغانستان سے بین الاقوامی افواج کے انخلا کے تناظر میں بھی نئے امریکی خصوصی ایلچی کی تقرری بہت اہمیت کی حامل ہے۔

’’پاکستان، افغانستان اور امریکہ تینوں کو اس معاملے میں سر جوڑ کر افغانستان میں امن اور سلامتی کی کوششیں کرنی ہوں گی اور اس ضمن میں یہ تعیناتی مجھے یقین ہے کہ حکومت پاکستان کے ساتھ ڈوبنز مل کر کام کریں گے اور ہمارا جو مشترکہ مقصد ہے علاقے میں امن آئے اسے بھی آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔‘‘

جیمز ڈوبنز ایک ایسے وقت میں یہ ذمہ داری سنبھال رہے ہیں جب افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

لیکن نئے خصوصی مندوب کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ جان کیری یہ کہہ چکے ہیں کہ مسٹر ڈوبنز خطے میں سفارتی کوششوں کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی کوششوں کو جاری رکھیں گے۔
XS
SM
MD
LG