رسائی کے لنکس

اعتماد کی مکمل بحالی ایک مشکل چیلنج


امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن ٹاؤن ہال میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے
امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن ٹاؤن ہال میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے پیر کے روز پاکستانی نوجوانوں ، خواتین ، سول سوسائٹی اور کاروباری برداری کے نمائندوں سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا ملک صرف حکومت کی سطح پر ہی نہیں بلکہ پاکستان کی عوام کے ساتھ بھی دیرپا تعلقات کا خواہاں ہے۔

اُنھوں نے حاضرین کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ عالمی کساد بازاری کے باوجود امریکہ کی طرف سے پاکستان کے لیے مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی مالی امداد کو لوگوں کی کثیر تعداد سراہتی ہے ۔ تاہم اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ کے بارے میں پاکستان میں پائے جانے والے عمومی منفی تاثر کو زائل کرنا ایک صبر آزما کام ہے اور باہمی اعتماد کے فقدان کو دور کرنے کے لیے دونوں ملکوں کو مسلسل مشترکہ کوششیں جاری رکھنی ہوں گی۔

ہلری کلنٹن نے کہا کہ پاکستان کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے براہ راست رابطے کا مقصد یہ ہے کہ اُن کی ضروریات کو سمجھا جائے اور اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے تحت بھی اُن شعبوں میں پاکستان کے لیے امداد رکھی گئی ہے جن کی نشاندہی پاکستانی حکومت نے کی تھی۔ ہلری کلنٹن نے کہا کہ امریکہ پاکستانی عوام کے مقاصد کے حصول میں مدد فراہم کرنا چاہتا ہے ۔

ہلری کلنٹن نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے اوراس کی خواہش ہے کہ اس دوطرفہ تعاون کے بارے میں موثر انداز میں پاکستانی عوام کو بھی بتایا جائے جس کے لیے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ اور واشنگٹن میں حکام کام کر رہے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اُنھوں نے اپنے گذشتہ دورہ اسلام آباد میں بھی قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت سول سوسائٹی کے لوگوں سے ملاقات کی تھی جو بہت مفید رہی تھی۔ اُنھوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ ایک منظم طریقے سے پاکستان میں ایسے منصوبوں میں امداد فراہم کی جائے جن کا براہ راست فائدہ عام لوگوں کو پہنچے۔

XS
SM
MD
LG