رسائی کے لنکس

نجم سیٹھی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری


نجم سیٹھی فائل فوٹو
نجم سیٹھی فائل فوٹو

ملتان کرکٹ ایسوسی ایشن سے وابستہ احمد نواز کی درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر نجم سیٹھی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

پاکستان کی ایک عدالت نے کرکٹ بورڈ کی عبوری کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کو توہین عدالت کے معاملے پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعہ کو یہ نوٹس اس درخواست پر سماعت کے بعد جاری کیا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالت کی طرف سے کام سے روکے جانے کے فیصلے کے باوجود نجم سیٹھی اپنے عہدے پر برقرار ہیں۔

ملتان کرکٹ ایسوسی ایشن سے وابستہ احمد نواز کی درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر نجم سیٹھی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

رواں ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ نے کرکٹ بورڈ کے انتظامات چلانے لیے وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے تشکیل دی گئی عبوری کمیٹی کو معطل کرتے ہوئے اس کے چیئرمین نجم سیٹھی کو بھی کام کرنے سے روک دیا تھا۔

رواں سال مئی میں عدالت نے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے انتخابات میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے اس وقت کے چیئرمین ذکا اشرف کے انتخاب کو کالعدم قرار دیا تھا۔

بعد ازاں نجم سیٹھی کو کرکٹ بورڈ کا نگراں چیئرمین مقرر کیا گیا۔ عدالت نے انھیں 90 روز میں بورڈ کے چیئرمین کے انتخابات کرانے کے لیے کہا تھا لیکن یہ بھی مقررہ وقت کے دوران نہ ہو سکے۔

29 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں ایک سابق جج منیر اے شیخ کی سربراہی میں انتخابی کمیٹی کو چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے انعقاد کا کام سونپا گیا۔
XS
SM
MD
LG