رسائی کے لنکس

بنوں میں بم دھماکا اور پشاور میں فائرنگ، دو اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس کے مطابق بنوں میں ریلوے روڈ پر دھماکا خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا اور بظاہر اس کا ہدف خاصہ دار فورس کی ایک گاڑی تھی۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی ضلع بنوں میں جمعرات کو ایک بم دھماکے اور پشاور میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک جب کہ پانچ افراد زخمی ہو گئے ۔

پولیس کے مطابق بنوں میں ریلوے روڈ پر ایک بم دھماکا ہوا جس میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔ دھماکا خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا اور بظاہر اس کا ہدف خاصہ دار فورس کی ایک گاڑی تھی۔

گاڑی میں پانچ اہلکار سوار تھے، وہ اس حملے میں محفوظ رہے لیکن راہگیر اس میں زخمی ہو گئے۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ بنوں قبائلی علاقوں کے قریب ہی واقع ہے اور شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی اکثریت اسی علاقے میں مقیم ہے۔

اس سے قبل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب دیر گئے پشاور میں نامعلوم افراد نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے دو پولیس اہلکار ہلاک جب کہ اُن کا ساتھی زخمی ہو گیا۔

جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا۔

صوبہ خیبر پختونخواہ میں پولیس حکام کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن کے آغاز کے بعد دہشت گردوں کے ممکنہ ردعمل سے نمٹنے کے لیے پہلے سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG