رسائی کے لنکس

پاکستان کوافغان معدنیات کی تلاش کی پیش کش


پاک افغان وزرائے خزانہ کی ملاقات
پاک افغان وزرائے خزانہ کی ملاقات

افغان وزیر خزانہ عمر زخی وال نے پاکستانی کمپنیوں کو دعوت دی ہے کہ اگر وہ افغانستان میں حال ہی دریافت ہونے والی قیمتی معدنیات تلاش کرنے کے لیے اُن کے ملک میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لیں تو افغان حکومت اُنھیں دوسروں پر ترجیح دے گی۔

منگل کو اسلام آباد میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے وزرائے خزانہ کی سطح پر ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ افغانستان کے لگ بھگ ایک ہزار ارب ڈالر مالیت کی معدنیات علاقے خصوصاََ دونو ں ملکوں میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیں گی جس سے دو طرفہ تعلقات میں مضبوطی آئے گی۔

افغان وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے اندر شمالی شہر مزار شریف اور مغربی شہر ہرات کو ریلوے لائن کے ذریعے ملانے کے منصوبے پر کام جاری ہے جنہیں بعد میں ایران اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ جوڑا جائے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ اگر پاکستان بھی آئندہ دو سالوں کے دوران اپنی ریلو ے لائن کو قندھار اور مشرقی شہر جلال آباد تک بڑھانے کا کام مکمل کر لیتا ہے تو ریلوے لائنوں کا یہ ڈھانچہ مستقبل میں تلاش کی جانے والے معدنیات کی ترسیل میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

وزیر خزانہ زخی وال کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اقتصادی روابط مضبوط ہونے سے لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے کیونکہ دونوں ملکوں میں امن و امان کی خراب صورت حال کی ایک بڑی وجہ بے روزگاری بھی ہے۔ تقریب میں موجود پاکستان کے کاروباری حلقوں سے مخاطب ہوکر افغان وزیر نے کہا کہ افغانستان میں تعمیر نو کے کاموں میں پاکستانی کمپنیوں کی حصہ داری میں کمی آئی ہے جو ایک مایوس کن صورت حال ہے جسے بہتر کرنے کے لیے افغان حکومت پاکستانی کاروباری حلقوں کو ہر طرح کی سہولتیں دینے کو تیا رہے۔

XS
SM
MD
LG