رسائی کے لنکس

افغانستان میں پائیدار امن کی کوششوں سے پاکستان کو بھی فائدہ پہنچے گا: شوکت عزیز


سابق وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ وہ پُر امید ہیں کہ افغانستان میں پائیدار امن قائم کرنے کے لیے نئے انداز سے جو کوششیں کی جارہی ہیں اُن کے بہت جلد بہتر نتائج سامنے آئیں گے، اور اِس کا پاکستان کو بھی بہت فائدہ پہنچے گا۔

شوکت عزیز چار روز کے لیے کینیڈا آئے ہوئے ہیں۔ جمعرات کی شام رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شفیق قادری نے اُن کےا عزاز میں اونٹاریو کی پارلیمنٹ میں ایک عشائیہ دیا۔ اِس موقعے پر تقریر کرتے ہوئے شوکت عزیز نے کینیڈا کے پاکستان کے ساتھ تعلقات، افغانستان میں جاری جنگ اورپاکستان میں شدت پسندی کے رجحانات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔

بعد میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ پاکستان میں تخریب کاری اور امن و امان کے مسئلے کا افغانستان کے واقعات سے گہرا تعلق ہے اور اُن کے ملک کو اِس کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے اب بھرپور انداز میں کوششیں کی جارہی ہیں۔ اِس کی وضاحت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ پہلے جِس جرگے کا انعقاد کیا گیا تھا وہ دراصل اقوامِ متحدہ کا شو تھا اور اب جو تین روزہ امن کانفرنس منعقد ہوئی ہے اُس میں صرف مقامی لوگ حصہ لے رہے ہیں۔

شوکت عزیز نے یہ بھی کہا کہ اب طالبان کے لیڈروں سے مذاکرات کی باتیں بھی ہو رہی ہیں۔ اُن کے بقول، ‘ مجھے امید ہے کہ اِس کے نتیجے میں پُر امن تصفیے کے لیے راہ ہموار ہو جائے گی۔’

XS
SM
MD
LG