رسائی کے لنکس

منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے آفریدی میدان میں


شاہد آفریدی اقوام متحدہ کے عہدیدار کے ساتھ دستاویزات پر دستخط کررہے ہیں
شاہد آفریدی اقوام متحدہ کے عہدیدار کے ساتھ دستاویزات پر دستخط کررہے ہیں

پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو حال ہی میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات وجرائم یعنی یو این او ڈی سی نے قومی سطح پر خیر سگالی کے لیے اپنا سفیر نامزد کیا تھا اور پیر کو اسلام آباد میں اس اعزازی سفارت کاری کی دستاویزات پر دستخط کی باقاعدہ تقریب منعقد ہوئی۔

اس موقع پرشاہد آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات سے دور کرکے صحت مندانہ طرز زندگی کی طرف راغب کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ’’ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم انھیں صاف ستھرے راستے پر لے کے چلیں اور بحیثیت کرکٹر اور پاکستانی میرے اوپر یہ ذمہ داری ہے کہ جو ہمارے لڑکے ہیں انھیں گراؤنڈز میں لے کر آؤں کیونکہ اسپورٹس سے زیادہ صحت مند راستہ بچوں کے لیے کوئی نہیں ہے۔‘‘

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اس خیر سگالی مشن کا آغاز شمال مغربی صوبے خیبر پختونخواہ اور اس سے ملحقہ قبائلی علاقوں سے کریں گے۔’’پشاور کا جو علاقہ ہے وہ وہاں جو قبائل ہیں میں وہیں سے اپنا کام شروع کروں گا۔‘‘

اس موقع پر موجود اقوام متحدہ کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی ایک منجھے ہوئے مشہور کرکٹر ہیں اور نوجوان نسل انھیں اپنا رول ماڈل سمجھتی ہے۔ عہدیداروں نے اس امید کا اظہار کیا کہ خیرسگالی کے سفیر کے طور پر شاہد آفریدی منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

دنیا بھر کی تقریباً نوے فیصد پوست کی کاشت پڑوسی ملک افغانستان میں ہوتی ہے جس کا ایک بڑا حصہ پاکستان کے راستے دیگر ممالک کو اسمگل کیا جاتا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق حالیہ برسوں میں نوجوانوں خصوصاً لڑکیوں میں منشیات کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG