رسائی کے لنکس

پاکستانی فضائیہ کے سربراہ کا دورہ امریکہ


سہیل امان نے دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی مشقوں کے انعقاد پر زور دیا تاکہ دونوں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں۔

پاکستانی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں اُنھوں نے امریکی فضائیہ کے سربراہ جنرل مارک اے ویلش سوئم سے ملاقات کی۔

پاکستان کی فضائیہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پینٹاگان میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچپسی کے دوطرفہ اُمور کے علاوہ دہشت گردوں کے خلاف پاکستانی فضائیہ کے کردار پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق ائیر چیف مارشل سہیل امان نے آپریشن ضربِ عضب میں پاکستان کی مسلح افواج اور فضائیہ کے کلیدی کردار سے متعلق امریکی ہم منصب کو آگاہ کیا۔

سہیل امان نے خاص طور پر پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں، جدید ہتھیاروں اور دیگر جدید آلات میں بہتری اور وسعت کی ضرورت کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی مشقوں کے انعقاد پر بھی زور دیا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں۔

بیان کے مطابق جنرل مارک اے ویلش سوئم نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں پاکستانی فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور اس کے کلیدی کر دار کو سراہا۔

دفاعی تجزیر کار طلعت مسعود نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان پہلے بھی تعاون اور مشترکہ فوجی مشقیں ہوتی رہی ہیں

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ماضی میں بھی امریکی فضائی ٹیکنالوجی پر انحصار کرتا رہا ہے۔

’’تاریخی لحاظ سے آپ دیکھیں تو پاکستان کی ائیر فورس کا جھکاؤ امریکہ کی طرف رہا ہے، یہ ضرور ہے کہ انھوں (پاکستان) نے چین کے ساتھ بھی کوشش کی ہے لیکن انہیں پتہ ہے کہ سب سے جدید ٹیکنالوجی اور سازوسامان امریکہ کے پاس ہے تو اس لیے بھی وہ تعلقات کو مضبو ط کرنا چاہیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان امریکہ میں قیام کے دوران نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی امریکہ کے شرکاء سے بھی خطاب کریں گے۔

XS
SM
MD
LG