رسائی کے لنکس

اورکزئی ایجنسی میں فضائی کارروائی، پانچ 'دہشت گرد' ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وسطی اورکزئی کے مختلف علاقوں میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے کی گئی کارروائیوں میں شدت پسندوں کے دو ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

پاکستان کے قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے فضائی کارروائیوں میں کم ازکم پانچ مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق وسطی اورکزئی کے مختلف علاقوں میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے کی گئی کارروائیوں میں شدت پسندوں کے دو ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

ان کارروائیوں کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

مختلف قبائلی علاقوں میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاعات پر وہاں سکیورٹی فورسز اکثر و بیشتر کارروائیاں کرتی رہتی ہیں جب کہ عسکریت پسندوں کے مضبوط گڑھ شمالی وزیرستان میں گزشتہ جون میں پاکستانی فوج نے ملکی و غیر ملکی شدت پسندوں کے خلاف بھر پور کارروائی کا آغاز کیا تھا جو اب بھی جاری ہے۔

اسی طرح ایک اور قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں بھی فوجی کارروائی جاری ہے اور ان دونوں جاری آپریشنز میں حکام اب تک سینکڑوں شدت پسندوں کو ہلاک اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا بتا چکے ہیں۔

گزشتہ دسمبر میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے فیصلہ کن کارروائیاں کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آخری دہشت گرد تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔

XS
SM
MD
LG