رسائی کے لنکس

الطاف حسین کی 'اشتعال انگیز' تقاریر قابل مذمت ہیں: وزیر داخلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں اس ضمن میں قانونی پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے باقاعدہ درخواست لندن بھیجی جائے گی۔

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ "ایم کیو ایم" کے لندن میں مقیم سربراہ الطاف حسین کی ان کے بقول اشتعال انگیز تقاریر پر ان کے خلاف قانونی طور پر برطانیہ سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الطاف حسین نے ہفتہ کو دیر گئے لندن سے کراچی میں اپنے کارکنوں سے ٹیلی فونک خطاب میں ایک بار پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً رینجرز کے خلاف سخت زبان استعمال کی تھی۔

اتوار کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی طرف سے ریاستی اداروں کے خلاف ہتک آمیز زبان کا استعمال قابل مذمت ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ان کی تقاریر پر حکومت نے برطانیہ سے رابطہ کر کے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا لیکن آئندہ چند روز میں اس ضمن میں قانونی پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے باقاعدہ درخواست لندن بھیجی جائے گی۔

الطاف حسین دو دہائیوں سے زائد عرصے سے جلاوطنی اختیار کر کے لندن میں مقیم ہیں اور ان کے پاس برطانوی شہریت بھی ہے۔

ایم کیو ایم ساحلی شہر کراچی کی ایک بااثر جماعت ہے اور وہ شہر میں رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن پر یہ کہہ کر تنقید کرتی آئی ہے کہ یہ کارروائیاں صرف ایم کیو ایم کے کارکنوں کے خلاف کی جا رہی ہیں۔

اس جماعت کے رہنما قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اپنے کارکنوں کو جبری طور پر لاپتا اور ماورائے عدالت قتل کے الزامات بھی عائد کرتی ہے جسے حکام مسترد کرتے ہیں۔

الطاف حسین اس سے قبل بھی رینجرز پر تنقید کر چکے ہیں لیکن رواں سال کے اوائل میں کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی دفتر نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے بعد سے اس تنقید میں شدت آچکی ہے۔

وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں جاری آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کیا جا رہا ہے اور شہر میں مکمل امن تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔

الطاف حسین پر ملک کے مختلف تھانوں میں مختلف مقدمات بھی درج ہیں جب کہ برطانیہ میں رقوم کی غیر قانونی منتقلی اور ایم کیو ایم کے رہنما عمران فاروق کے قتل کے مقدمات میں بھی ان سے تفتیش ہو رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG