سرگودھا میں ایک خصوصی عدالت نے انٹر نیٹ کے ذریعے جنگجوؤں سے رابطوں اور دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتا ر پانچ امریکی شہریوں کو دس ،دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے جمعرات کو اپنے فیصلے میں ان پانچوں امریکی شہریوں کو ایک دو مختلف جرائم میں سے ایک میں دس ،دس سال جب کہ دوسرے میں پانچ پانچ سال قید کی سزا سنائی اور ان میں سے ہر ایک پر 70,000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ ان مجرمان کو عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔
جب فیصلہ سنایا گیا تو قانون نافذ کرنے والوں کی ایک بڑی تعدا د عدالت کے باہر موجود تھی اور سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
پانچوں امریکی شہریوں کو گذشتہ سال دسمبر میں سرگودھا سے گرفتار کیا گیا تھا اور پولیس حکام کے مطابق ان سے ملنے والے لیپ ٹاپ کمپیوٹر ز پر شدت پسند تنظیموں سے رابطوں کے ثبوت اور کچھ نقشے ملے تھے۔ ز یر حراست پانچوں افراد کے عمریں 20اور 30سال کے درمیان ہیں۔
ان پانچوں نوجوانوں کے خلاف گذشتہ کئی ماہ سے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں مقدمے کی کارروائی جاری تھی اور استغاثہ نے ایک درجن سے زائد گواہ پیش کیے جب کہ صفائی کے وکلاء نے تمام الزامات کو رد کیا ۔ زیرحراست امریکی شہریوں نے بھی مقدمات کی سماعت کے دوران میڈیا تک یہ پیغام پہنچایا کہ وہ شادی میں شرکت کرنے پاکستان آئے تھے اور مسلمان بھائیوں کی مدد کے لیے افغانستان جانا چاہتے تھے۔ استغاثہ اور وکلاء صفائی نے بدھ کو اپنے دلائل مکمل کیے تھے۔
پانچوں امریکی شہریوں کا تعلق ریاست ورجینا سے ہے لیکن ان میں دو کا آبائی ملک پاکستان جب کہ باقی تین ارٹیریا ، مصر اور یمن سے تعلق رکھتے ہیں۔