رسائی کے لنکس

پاکستان چین 4.8 بلین ڈالر نیوکلر پاور پلانٹ معاہدہ


صوبہ سندھ میں چین کی مدد سےقائم ہونے والا زیرِ تعمیر پاور پلانٹ ۔ فوٹو اے ایف پی۔
صوبہ سندھ میں چین کی مدد سےقائم ہونے والا زیرِ تعمیر پاور پلانٹ ۔ فوٹو اے ایف پی۔

ویب ڈیسک۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان نے4.8ارب ڈالر کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت 1,200میگا واٹ کا جوہری پاور پلانٹ تعمیر کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے ایک ایسے ملک کی جانب سے کی جانے والی اس سرمایہ کاری کو سراہا ہے جسے پاکستان اپنا سب سے زیادہ قابل بھروسہ حلیف سمجھتا ہے۔چشمہ 5 پراجیکٹ نامی اس منصوبے پر فوری طور پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے چائنا نیوکلر کوآپریشن اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت یا ایم او یو پر دستخط کے بعد سرکاری نیوز چینل پاکستان ٹیلی ویژن پر اس بات کی تصدیق کی۔

وزیر اعظم شریف نے کہا کہ ’’ اس پراجیکٹ کے لئے چین کی جانب سے 4.8 ارب ڈالر کی سرما یہ کاری سے یہ واضح پیغام ملتا ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس پر چینی کمپنیاں اور سرمایہ کار بدستور بھروسہ کرتے ہیں ۔‘‘

چشمہ 5 پراجیکٹ مرکزی صوبے پنجاب میں تعمیر کیا جائے گا ۔ چین کی مدد سے پاکستان کو فوسل ایندھن کے استعمال پر انحصار ختم کرتے ہوئے شفاف توانائی کی جانب منتقلی میں مدد ملے گی۔

پاکستان چشمہ سی فور نیوکلر پلانٹ
پاکستان چشمہ سی فور نیوکلر پلانٹ

پاکستان میں دو برس قبل چھٹے پاور پلانٹ کے آغاز کے بعد جوہری توانائی کی مجموعی پیداوار کی صلاحیت 1,400میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے۔جنوبی ساحلی شہر کراچی میں قائم 1,100میگا واٹ کا پلانٹ بھی چین کی مدد سے تعمیر کیا گیا تھا ۔

وزیر اعظم شریف کی حکومت قرضوں کی ادائیگیوں کے بحران سے نکلنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے اور اس نے اس تازہ ترین پراجیکٹ میں ایک سو ملین ڈالر کی رعایت دینے پر چین کا شکریہ ادا کیا ہے۔

یہ واضح نہیں کہ آیا یہ نئی سرما یہ کاری اس 65 بلین ڈالر کا حصہ ہے جس کا چین نے بیلٹ اینڈ روڈ انی شئیٹو کے تحت انفرا سٹرکچر کی تعمیر کے لئے وعدہ کر رکھا ہے۔

دراصل ابتدائی طور پر اس نئے منصوبے کو دو سال پہلے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی اور شہبازشریف نے چینی فریق کا شکریہ ادا کیا کہ اس لمبی تاخیر کے باوجود اس نے اس کی لاگت میں اضافہ نہیں کیا

وزیر اعظم کہتے ہیں کہ چین نے اس منصوبے کو شروع کرنے کے لئے 30 ارب پاکستانی روپے فراہم کر دیے ہیں ۔

اس خبر کی تفصیل خبر رساں ادارے رائٹرز سے لی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG