رسائی کے لنکس

سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان


اظہر علی (فائل فوٹو)
اظہر علی (فائل فوٹو)

سری لنکا کے خلاف کرکٹ سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ 2 ٹیسٹ میچز کے لیے قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ٹیم کے لیے دیگر پندرہ کھلاڑیوں میں اظہر علی، وہاب ریاض، شان مسعود، یاسرشاہ، سمیع اسلم، محمد اصغر، محمد عامر، محمد عباس، عثمان صلاح الدین اور امیر حمزہ شامل ہیں۔

مزید برآں بلال آصف، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل اور حسن علی بھی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔

یاسر شاہ اور اظہر علی بھی فٹنس بہتر بناکر قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

چیف سلیکٹر نے بتایا کہ یاسر شاہ نے فٹنس کا مطلوبہ معیار حاصل کر لیا ہے۔ "انہیں آگاہ کردیا گیا تھا کہ اگر فٹنس لیول پورا کریں گے تو ٹیم میں شامل ہوں گے، یاسر شاہ کا اب کوئی فٹنس ٹیسٹ نہیں ہوگا جبکہ اظہر علی کو ڈاکٹرز نے انجکشن لگوانے کا کہا ہے وہ بھی مکمل فٹ ہیں اسی لئے ان کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔"

انضمام الحق نے کہا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ شان مسعود عثمان صلاح الدین اور حارث سہیل کے پاس خود کو منوانے کا اچھا موقع ہے۔ چیف سلیکٹر نے مزید بتایا کہ کرکٹ بورڈ کوشش کر رہا ہے کہ 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرنے والے باؤلرز آگے آئیں۔

"پاکستانی ٹیم کا فاسٹ باولنگ کا اچھا ٹیلنٹ ہے محمد عامر، محمدعباس، وہاب ریاض ہر کسی کا باولنگ کرنے کا اپنا طریقہ ہے۔"

سابق کپتان سلمان بٹ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ سلمان بٹ کو بورڈ دیکھ رہا ہے، بورڈ کی کوشش ہے کہ اسے پہلے اے ٹیم کے ساتھ موقع دیا جائے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ مصباح الحق اور یونس خان بلاشبہ عظیم کھلاڑی تھے ان کی کمی محسوس ہو گی ان کا متبادل تلاش کرنا مشکل ہے۔ کپتان سمیت ہر ایک کو پرفارمنس دینا ہوگی جب کہ سرفراز کی کارکردگی اچھی رہی ہے اور آئندہ بھی امید ہے اچھی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں کسی بھی ٹیم کو دو مرتبہ آؤٹ کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن وہاں کا موسم پاکستانی ٹیم کے لیے سازگار رہے گا۔

قومی ٹیم اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز دبئی اور ابو ظہبی میں کھیلے جائیں گے جب کہ دونوں ٹیموں کی سیریز میں 5 ون ڈے، 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG