رسائی کے لنکس

عامر اور عماد کی واپسی: کیویز کے خلاف پاکستان کے 17 رُکنی اسکواڈ کا اعلان


  • محمد عامر اور عماد وسیم کی پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
  • ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے۔
  • اماراتی بورڈ سے معاہدہ ختم کرنے والے عثمان خان بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اگلے ہفتے ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں سیزن میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔

ان کھلاڑیوں میں جہاں پہلی بار اسکواڈ میں جگہ بنانے والے بلے باز عثمان خان اور عرفان خان نیازی شامل ہیں، وہیں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے والے محمد عامر اور عماد وسیم کے نام بھی موجود ہیں۔

ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کی جگہ دوبارہ کپتان بننے والے بابر اعظم کریں گے جب کہ فاسٹ بالر حارث رؤف کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے جو پی ایس ایل کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں بلے باز فخر زمان، صائم ایوب، محمد رضوان، افتخار احمد اور اعظم خان جب کہ شاداب خان اور عماد وسیم اس اسکواڈ میں بطور آل راؤنڈرز شامل ہیں۔

اس اسکواڈ میں جو بالرز موجود ہیں ان میں سابق کپتان شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ ساتھ نسیم شاہ، زمان خان اور عباس آفریدی کے نام قابلِ ذکر ہیں جب کہ اسپین ڈیپارٹمنٹ کی ذمے داری اسامہ میر اور ابرار احمد کے کاندھوں پر ہو گی۔

پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے 17 رکنی اسکواڈ کے ساتھ ساتھ پانچ ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بھی کیا ہے۔ ٹیم کے ریزرو کھلاڑیوں میں حسیب اللہ، محمد علی، صاحبزادہ فرحان، آغا سلمان اور وسیم جونیئر شامل ہیں۔

سلیکشن کمیٹی کے ممبران نے واضح کیا کہ سیریز کے دوران روٹیشن پالیسی پر عمل کیا جائے گا تاکہ ورلڈ کپ کے لیے ایک مضبوط کامبی نیشن تیار کیا جا سکے۔

ریٹائرمنٹ واپس لینے والے محمد عامر اور عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی

یہ سیریز پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اس لیے بھی اہم ہے کیوں کہ اس میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو آگے جا کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

محمد عامر نے پاکستان کی آخری مرتبہ نمائندگی 2020 میں کی تھی جب کہ عماد وسیم بھی ایک سال بعد ٹیم میں کم بیک کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ محمد عامر اور عماد وسیم نے گزشتہ دنوں اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔

عماد وسیم کی اسکواڈ میں واپسی کے پیچھے ان کی پی ایس ایل نائن میں کارکردگی کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے ناک آؤٹ مرحلے میں عمدہ کھیل پیش کر کے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

محمد عامر بھی 2020 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کسی بھی فارمیٹ میں نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے چار سال قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد انہیں کسی بھی فارمیٹ میں منتخب نہیں کیا گیا۔

عثمان خان اور عرفان خان نیازی، پی ایس ایل سے انٹرنیشنل ٹیم کا سفر

ملتان سلطانز کی پی ایس ایل میں نمائندگی کرنے والے عثمان خان کو بھی پہلی بار پاکستان ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ متحدہ عرب امارات میں فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔

انہوں نے نہ صرف اس پی ایس ایل میں دو سینچریاں اسکور کی تھیں بلکہ پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین سینچری کا ریکارڈ بھی انہی کے پاس ہے جو انہوں نے دو سال قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف صرف 36 گیندوں پر بنائی تھی۔

عرفان خان نیازی کی شمولیت بھی اس لیے خوش آئند ہے کیوں کہ انہیں پی ایس ایل کے ساتھ ساتھ فرسٹ کلاس کرکٹ کی پرفارمنس پر منتخب کیا گیا ہے۔ انہیں اس سال پی ایس ایل کا بہترین فیلڈر اور بہترین ایمرجنگ کرکٹر قرار دیا گیا تھا۔

اس سے قبل وہ 2020 اور 2022 کے انڈر 19 ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 18 سے 27 اپریل کے درمیان کھیلی جائے گی۔ سیریز کے تین میچز راولپنڈی جب کہ دو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

سیریز کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جب کہ سلیکشن کمیٹی کے اراکین وہاب ریاض اور محمد یوسف سینئر ٹیم مینیجر اور بیٹنگ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG